وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے ایک نام لیے بغیر وفاقی وزیر کو خبردار کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ مسلسل ان پر تبصرے کر رہے ہیں، لیکن جس دن انہوں نے اس وزیر کے بارے میں بات کی تو وہ منہ چھپانے کے قابل نہیں رہے گا۔
نجی ٹیلی ویژن سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے محسن نقوی نے کہا کہ وہ گزشتہ ڈھائی سال سے مذکورہ وزیر کے تبصرے صبر کے ساتھ سنتے آ رہے ہیں۔
انہوں نے کاروباری شخصیات پر ہونے والی تنقید کے حوالے سے کہا کہ جن افراد کو نشانہ بنایا جا رہا ہے، وہ پاکستان کے معزز شہری ہیں۔ ان میں سے کئی شخصیات وفاق اور مختلف شہروں کے چیمبرز کے صدور اور عہدیدار رہ چکی ہیں، جبکہ وہ ملک میں سب سے زیادہ ٹیکس ادا کرنے والوں میں بھی شامل ہیں۔
وزیر داخلہ نے سوال اٹھایا کہ اگر یہ کاروباری شخصیات اتنی ہی بری ہیں تو ہر الیکشن میں پارٹی فنڈ کے نام پر انہی سے اربوں روپے کیوں لیے جاتے ہیں؟