صدر زرداری کا سینئر صحافی حسین نقی کے انتقال پر اظہارِ افسوس
صدر مملکت آصف علی زرداری نے سینئر صحافی اور انسانی حقوق کے کارکن حسین نقی کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے ان کی صحافتی اور جمہوری خدمات کو خراجِ تحسین پیش کیا ہے۔
اپنے بیان میں صدر زرداری نے کہا کہ حسین نقی نے کئی دہائیوں تک صحافت، آزادیٔ اظہار، انسانی حقوق اور جمہوری اقدار کے فروغ کے لیے نمایاں خدمات انجام دیں، جنہیں ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔
صدر مملکت کا کہنا تھا کہ حسین نقی کی صحافتی خدمات اور جمہوری جدوجہد قابلِ قدر ہیں، ان کی وفات سے صحافت اور انسانی حقوق کے شعبے میں ایک اہم آواز خاموش ہوگئی ہے۔
حسین نقی 22 نومبر 2026 کو لاہور میں 88 برس کی عمر میں انتقال کر گئے۔ ان کا تعلق لکھنؤ سے تھا اور وہ طویل عرصے تک لاہور پریس کلب سے وابستہ رہے۔ وہ انسانی حقوق کمیشن پاکستان کی کونسل کے رکن بھی تھے۔
حسین نقی نے آمرانہ طرزِ حکومت کے خلاف آواز اٹھانے پر قید و بند کی صعوبتیں بھی برداشت کیں۔ انہوں نے اپنی بے باک اور اصولی صحافت کے ذریعے کئی نسلوں کے صحافیوں کی رہنمائی کی۔