تازہ ترین

پرتگال کے وزیر خارجہ دو روزہ دورے پر پاکستان پہنچ گئے

0

پرتگال کے وزیر مملکت برائے خارجہ امور پاؤلو رانجل دو روزہ سرکاری دورے پر اتوار کو پاکستان پہنچ گئے۔ ان کا یہ دورہ نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار کی دعوت پر ہو رہا ہے، جس کا مقصد دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ تعلقات اور تجارتی و اقتصادی تعاون کو مزید فروغ دینا ہے۔

دفتر خارجہ کے مطابق دورے کے دوران پرتگالی وزیر خارجہ اسحاق ڈار کے ساتھ وفود کی سطح پر مذاکرات کریں گے اور پاکستانی قیادت سے بھی ملاقاتیں کریں گے۔ پاؤلو رانجل کے ہمراہ تقریباً 20 کمپنیوں پر مشتمل ایک کاروباری وفد بھی پاکستان آیا ہے۔

دورے کا ایک اہم حصہ پاکستان-پرتگال بزنس فورم کا افتتاحی اجلاس ہے، جو 23 نومبر کو اسلام آباد کے سرینا ہوٹل میں خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل (ایس آئی ایف سی) کے تعاون سے منعقد ہوگا۔ فورم میں دونوں ممالک کے کاروباری رہنما، سرمایہ کار اور حکومتی نمائندے شرکت کریں گے، جہاں تجارت اور سرمایہ کاری کے مواقع تلاش کرنے، کاروباری روابط بڑھانے اور مشترکہ منصوبوں پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔

کاروباری وفود کے درمیان زرعی و غذائی مصنوعات، قابلِ تجدید توانائی، ادویہ سازی، انفارمیشن ٹیکنالوجی اور ٹیکسٹائل کے شعبوں میں ممکنہ شراکت داری کے حوالے سے ملاقاتیں بھی طے ہیں۔

پرتگالی وفد اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری میں پاکستان-پرتگال تجارت و سرمایہ کاری کانفرنس میں بھی شرکت کرے گا، جبکہ پاکستانی کمپنیوں اور متعلقہ اداروں سے ملاقاتیں بھی شیڈول ہیں۔ بزنس فورم کے اختتام پر مفاہمت کی ایک یادداشت پر دستخط کیے جانے کی توقع ہے۔

دفتر خارجہ کے مطابق یہ دورہ دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ تعلقات کے تمام پہلوؤں کا جائزہ لینے اور تعاون کے نئے امکانات تلاش کرنے کا موقع فراہم کرے گا۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.