اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف کے بانی اور سابق وزیراعظم عمران خان کے مطالعے کے لیے مختلف موضوعات پر مشتمل 11 کتابیں اڈیالہ جیل حکام کے حوالے کر دی گئی ہیں۔
عمران خان کے قانونی اور جیل سے متعلق معاملات کے سلسلے میں عدالتوں اور جیلوں کے دورے کرنے والے خالد یوسف چوہدری نے کتابوں کی حوالگی کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ ان کتابوں میں عالمی اور قدیم تاریخ، اسلامی تاریخ، اسلامی قانون و فقہ، مذہب، فلسفہ، تصوف، سیاسی فکر، بین الاقوامی تعلقات، سفارت کاری اور عالمی امور جیسے موضوعات شامل ہیں۔
خالد یوسف چوہدری کے مطابق کتابوں کے مجموعے میں تہذیبوں کے عروج و زوال، اسلامی فکر کے ارتقا، مسلم تاریخ، نوآبادیاتی دور کی قانونی پیش رفت، عالمی طاقتوں کی سیاست، جنگوں اور عالمی سیاسی حالات سے متعلق تصانیف بھی شامل ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ان کتابوں کا انتخاب تاریخی، مذہبی، فکری اور سیاسی موضوعات کے وسیع تناظر کا احاطہ کرتا ہے اور اس میں علمی و ادبی دلچسپی کے مختلف پہلوؤں کو شامل کیا گیا ہے۔