لاہور: لاہور کے آواری ہوٹل میں پیغام پاکستان امن کانفرنس کا انعقاد کیا گیا، جس میں امت مسلمہ کے اتحاد، حرمین شریفین کے تحفظ، مذہبی ہم آہنگی، قومی یکجہتی اور نوجوانوں کے مثبت کردار کو اجاگر کیا گیا۔
کانفرنس کی صدارت مرکزی رویت ہلال کمیٹی پاکستان کے چیئرمین، بادشاہی مسجد کے خطیب و امام اور سفیرِ امن مولانا سید محمد عبد الخبیر آزاد نے کی۔ اس موقع پر مختلف مکاتب فکر سے تعلق رکھنے والے علما، مذہبی رہنماؤں، سماجی شخصیات اور دیگر شرکا نے شرکت کی۔
کانفرنس کے موضوعات میں حرمین شریفین کا تحفظ، انسانی احترام، منبر و محراب اور دینی مدارس کا کردار، معاشرے میں نوجوانوں کی ذمہ داریاں اور پیغام پاکستان کا فروغ شامل تھے۔
مقررین نے پاکستان کے عالمی امن میں کردار، قومی یکجہتی، مذہبی ہم آہنگی اور دہشت گردی کے خاتمے کے لیے مشترکہ کوششوں کی ضرورت پر زور دیا۔ کانفرنس میں سعودی عرب، پاکستان اور ترکیہ کے باہمی دفاعی معاہدے کو بھی حرمین شریفین کے تحفظ کے تناظر میں اجاگر کیا گیا۔
کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے مولانا سید محمد عبد الخبیر آزاد نے کہا کہ پاکستان عالم اسلام کا قلعہ ہے اور پوری قوم ملک کی سلامتی، تحفظ اور دفاع کے لیے مسلح افواج کے ساتھ کھڑی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ دشمنوں کا مقابلہ کرنے کے لیے قومی اتحاد ناگزیر ہے۔
انہوں نے علما اور مذہبی رہنماؤں پر زور دیا کہ وہ منبر و محراب کے ذریعے انسانی احترام، مذہبی ہم آہنگی، قومی یکجہتی اور پیغام پاکستان کے فروغ میں اپنا کردار ادا کریں۔
مولانا عبد الخبیر آزاد نے بھارت کی دھمکیوں کو ناقابل قبول قرار دیتے ہوئے کہا کہ پانی کو بطور ہتھیار استعمال کرنا بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی ہے۔ انہوں نے عالمی امن کے لیے پاکستان کی کوششوں اور قربانیوں کو بھی سراہا۔
کانفرنس میں وزیراعظم شہباز شریف، فیلڈ مارشل جنرل سید عاصم منیر اور ترکیہ کے صدر رجب طیب اردوان سمیت دیگر رہنماؤں کی خدمات کا ذکر بھی کیا گیا۔ اس موقع پر مختلف مکاتب فکر کے علما اور مذہبی شخصیات نے خطاب کیا۔