تازہ ترین

پاکستان اور عمان کے درمیان پیٹرولیم مصنوعات کی خرید و فروخت کا معاہدہ طے پا گیا

0

پاکستان اور عمان کے درمیان پیٹرولیم مصنوعات کی خرید و فروخت کا اہم معاہدہ طے پا گیا ہے، جس کے تحت عمان کی کمپنی او کیو ٹریڈنگ پاکستان اسٹیٹ آئل (پی ایس او) کو پیٹرولیم مصنوعات کی خریداری کے لیے 200 ملین ڈالر کی کریڈٹ سہولت بھی فراہم کرے گی۔

معاہدے کے حوالے سے مسقط میں وفاقی وزیر پیٹرولیم علی پرویز ملک نے عمان کے وزیر توانائی و معدنیات انجینیئر سالم العوفی سے ملاقات کی، جس میں دونوں ممالک کے درمیان توانائی اور معدنیات کے شعبوں میں تعاون بڑھانے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

اس موقع پر دونوں وزرا نے پی ایس او اور عمان کی کمپنی او کیو ٹریڈنگ کے درمیان پیٹرولیم مصنوعات کی خرید و فروخت کے معاہدے کی تقریب میں شرکت کی۔

معاہدے کے تحت پی ایس او کو پیٹرولیم مصنوعات کی فراہمی کے لیے باقاعدہ تجارتی فریم ورک قائم ہوگا، جبکہ او کیو ٹریڈنگ پی ایس او کو مصنوعات کی خریداری کے لیے 200 ملین ڈالر کی کریڈٹ سہولت فراہم کرے گی۔

اس پیش رفت کو پاکستان کی توانائی سکیورٹی اور پیٹرولیم درآمدات کے ذرائع میں تنوع کے حوالے سے اہم قرار دیا گیا ہے۔

ملاقات میں پاکستان اور عمان نے تیل، گیس اور معدنیات کے شعبوں میں دوطرفہ تعاون مزید بڑھانے پر اتفاق کیا۔ دونوں وزرا نے آئل اینڈ گیس کے شعبے میں مشترکہ ورکنگ گروپ کے قیام کا بھی خیرمقدم کیا۔

ملاقات میں بتایا گیا کہ عمان کی کمپنی او کیو ٹریڈنگ نے 2026 میں پی ایس او کو 10 لاکھ میٹرک ٹن سے زائد پیٹرول فراہم کیا، جبکہ پاکستان کو ایل پی جی کی فراہمی 2026 کے اختتام تک ایک لاکھ 20 ہزار میٹرک ٹن سے تجاوز کرنے کی توقع ہے۔

دونوں ممالک نے توانائی کے شعبے میں تجارتی شراکت داری مستحکم کرنے اور سرمایہ کاری کے نئے مواقع تلاش کرنے کے عزم کا اظہار بھی کیا۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.