وفاقی وزیر صحت مصطفیٰ کمال نے ملک میں انتظامی ڈھانچے میں تبدیلی اور نئے صوبوں کے قیام کی حمایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس اقدام سے علاقائی سطح پر مسائل حل کرنے اور نوجوانوں کو بہتر مواقع فراہم کرنے میں مدد مل سکتی ہے۔
کراچی میں یوتھ کنونشن اور پشتون قبائل موومنٹ کے اجتماعات سے خطاب کرتے ہوئے مصطفیٰ کمال نے کہا کہ بڑھتی ہوئی آبادی اور بنیادی سہولتوں کی عدم فراہمی ملک کو انتظامی اور معاشی طور پر مفلوج کر رہی ہے۔
انہوں نے مؤقف اختیار کیا کہ نئے صوبوں کے قیام سے مختلف علاقوں کے نوجوانوں کو تعلیم اور روزگار کے بہتر مواقع میسر آئیں گے، جبکہ مقامی سطح پر عوامی مسائل کے حل میں بھی آسانی پیدا ہوگی۔
وفاقی وزیر نے پاکستان پیپلز پارٹی کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے الزام عائد کیا کہ پارٹی گزشتہ 16 سال سے جعلی ڈومیسائل کے ذریعے نوجوانوں کے حقوق متاثر کر رہی ہے۔
مصطفیٰ کمال نے دعویٰ کیا کہ انہوں نے کراچی کو بھارتی خفیہ ایجنسی را کے تسلط سے آزاد کرایا اور اب ان کا مقصد پاکستان کے تمام محروم اور مظلوم عوام کو ان کے حقوق دلانا ہے۔
انہوں نے کہا کہ انہیں نہ دھمکیوں سے مرعوب کیا جا سکتا ہے اور نہ ہی لسانی فسادات کے ذریعے اپنے مقصد سے ہٹایا جا سکتا ہے۔
وفاقی وزیر صحت کا کہنا تھا کہ تمام زبانیں بولنے والے شہریوں کی جان، مال اور عزت کا تحفظ ان کی ذمہ داری ہے۔