بانی پاکستان تحریک انصاف عمران خان کے ایکس (سابقہ ٹوئٹر) اکاؤنٹ پر پابندی عائد کرنے سے متعلق درخواست پر اسلام آباد ہائیکورٹ نے مزید کارروائی 23 دسمبر تک ملتوی کردی، جبکہ چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر خان کو جواب جمع کرانے کے لیے مہلت دے دی گئی۔
درخواست کی سماعت جسٹس ارباب محمد طاہر نے کی۔ یہ درخواست غلام مرتضیٰ ایڈووکیٹ کی جانب سے دائر کی گئی تھی۔ سماعت کے دوران چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر خان بھی ذاتی حیثیت میں عدالت میں پیش ہوئے۔
پاکستان تحریک انصاف کی جانب سے وکلا شمسہ کیانی اور خالد یوسف چوہدری بھی عدالت میں موجود تھے۔ عدالتی کارروائی کے دوران فریقین کے دلائل سنے گئے، جس کے بعد عدالت نے بیرسٹر گوہر خان کو باضابطہ جواب جمع کرانے کی ہدایت کی۔
عدالت نے کیس کی مزید سماعت 23 دسمبر تک ملتوی کردی۔