تازہ ترین

اسرائیلی آبادکاروں کے حملوں پر گادی آئزن کوٹ کی حکومت پر کڑی تنقید

0

مقبوضہ مغربی کنارے کے متعدد فلسطینی دیہات میں اسرائیلی آبادکاروں کی جانب سے گھروں اور گاڑیوں کو آگ لگانے کے واقعات پیش آئے ہیں، جن کے بعد اسرائیل کی اپوزیشن کی جانب سے بھی شدید ردعمل سامنے آیا ہے۔ اسرائیلی اپوزیشن رہنما گادی آئزن کوٹ نے ان حملوں کو ’’ہر لحاظ سے یہودی دہشت گردی‘‘ قرار دیتے ہوئے حکومت سے ملوث افراد کے خلاف سخت کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔

غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق ہفتے اور اتوار کی درمیانی شب اسرائیلی آبادکاروں نے رام اللہ کے قریب واقع فلسطینی دیہات دیر السودان، دیر ابو مشعل اور کفر مالک پر دھاوا بولا۔ حملہ آوروں نے متعدد گھروں کے قریب آگ لگائی اور تقریباً ایک درجن گاڑیوں کو نذرِ آتش کردیا، جبکہ عمارتوں کی دیواروں پر فلسطینیوں کے خلاف اشتعال انگیز اور نسل پرستانہ نعرے بھی تحریر کیے۔

کفر مالک میں دیواروں پر ’’سوسیہ کی جانب سے سلام‘‘ کے الفاظ بھی لکھے گئے، جنہیں حال ہی میں اسرائیلی فوج کی جانب سے سوسیہ کے علاقے میں ایک غیر قانونی آبادکاری چوکی خالی کرانے کے واقعے سے جوڑا جا رہا ہے۔ حملوں میں کسی شخص کے زخمی ہونے کی اطلاع نہیں ملی، تاہم اسرائیلی پولیس نے آتش زنی، توڑ پھوڑ اور املاک کو نقصان پہنچانے کے واقعات کی تحقیقات شروع کردی ہیں۔

اسرائیلی اپوزیشن رہنما اور یاشار پارٹی کے سربراہ گادی آئزن کوٹ نے حملوں کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ انتہا پسند گروہوں کی جانب سے گھروں اور گاڑیوں کو آگ لگانے کے واقعات علاقائی استحکام کو نقصان پہنچا رہے ہیں، انسانی جانوں کو خطرے میں ڈال رہے ہیں اور اسرائیل کی قومی سلامتی و خارجہ تعلقات کے لیے نقصان دہ ہیں۔

انہوں نے سوشل میڈیا پر اپنے بیان میں اسرائیلی وزیر قومی سلامتی اتمار بن گویر اور وزیر خزانہ بیزلیل سموٹریچ کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے الزام عائد کیا کہ ان کی پالیسیوں نے مغربی کنارے کو لاقانونیت کے دہانے پر پہنچا دیا ہے۔ آئزن کوٹ نے حکومت اور سیکیورٹی اداروں سے مطالبہ کیا کہ حملوں میں ملوث افراد کے خلاف سخت کارروائی کی جائے اور ضرورت پڑنے پر انتظامی حراست اور داخلی سیکیورٹی ادارے شن بیت کے خصوصی آپریشنز سمیت تمام دستیاب اقدامات استعمال کیے جائیں۔

دوسری جانب اسرائیلی وزیر قومی سلامتی اتمار بن گویر نے آئزن کوٹ کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ انہیں واقعات اور تحقیقات سے متعلق حقائق کا علم نہیں۔ انہوں نے الزام لگایا کہ آئزن کوٹ عرب جماعتوں کی حمایت حاصل کرنے کے لیے سیاسی بیان بازی کر رہے ہیں۔

اسرائیلی وزیر زراعت آوی ڈخٹر نے بھی حملوں کی مذمت کرتے ہوئے مطالبہ کیا کہ ملوث افراد کو زیادہ سے زیادہ سخت سزا دی جائے اور انتظامی حراست سمیت انسداد دہشت گردی کے تمام قانونی اختیارات استعمال کیے جائیں۔

واضح رہے کہ مقبوضہ مغربی کنارے میں فلسطینیوں اور ان کی املاک پر اسرائیلی آبادکاروں کے حملوں میں حالیہ مہینوں کے دوران اضافہ ہوا ہے، جس پر عالمی سطح پر بھی تشویش اور تنقید سامنے آتی رہی ہے۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.