استنبول: خواتین کے حقوق، تعلیم اور معاشی خودمختاری کے فروغ کے لیے پاکستان اور ترکیہ کے درمیان تعاون بڑھانے کے امور پر ساتویں عالمی خواتین سربراہی اجلاس میں تبادلہ خیال کیا گیا، جس میں وفاقی وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ نے پاکستانی وفد کی قیادت کی۔
ترکیہ کے شہر استنبول میں منعقدہ اجلاس کی میزبانی وزیر برائے خاندانی و سماجی خدمات ماہینور اوزدمیر گوکتاش نے کی۔ کانفرنس میں مختلف ممالک کے نمائندوں نے شرکت کی، جبکہ پاکستانی وفد میں جینڈر مین اسٹریمینگ کی کنوینر سارہ احمد بھی شامل تھیں۔
اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے اعظم نذیر تارڑ نے خواتین کو بااختیار بنانے، مساوی حقوق کی فراہمی، تعلیم اور معاشی آزادی کے لیے پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ خواتین کا وقار برقرار رکھنا اور انہیں یکساں مواقع فراہم کرنا قومی ترجیحات میں شامل ہے۔
وفاقی وزیر نے سیاسی، معاشی، سماجی اور پیشہ ورانہ شعبوں میں خواتین کی بامعنی شرکت کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ انہیں تعلیم اور روزگار تک بہتر رسائی فراہم کی جانی چاہیے۔ انہوں نے فیصلہ سازی کے عمل میں خواتین کی نمائندگی بڑھانے اور ان کی مالی خودمختاری کے لیے اقدامات کی اہمیت بھی اجاگر کی۔
اعظم نذیر تارڑ نے بچیوں کے تحفظ، تعلیم اور بحالی کے حوالے سے پروٹیکشن اینڈ ویلفیئر بیورو کے کردار پر بھی روشنی ڈالی۔ ان کا کہنا تھا کہ خواتین کے حقوق کا تحفظ اور سماجی تحفظ کے نظام کو بہتر بنانا حکومتی پالیسی کا اہم حصہ ہے۔
اسلامی تعلیمات کا حوالہ دیتے ہوئے وفاقی وزیر نے کہا کہ اسلام خواتین کو عزت، مساوات اور بنیادی حقوق فراہم کرتا ہے، جبکہ ان حقوق کا تحفظ پورے معاشرے کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔
اجلاس کے موقع پر پاکستانی وفد نے ترکیہ کی وزیر برائے خاندانی و سماجی خدمات سے بھی ملاقات کی، جس میں کم عمری کی شادیوں کی روک تھام، بچیوں کے حقوق کے تحفظ اور تعلیمی مواقع بڑھانے کے لیے مشترکہ اقدامات پر گفتگو ہوئی۔
پاکستانی وفد نے ترک صدر رجب طیب اردوان کی صاحبزادی سمیعہ اردوان سے بھی ملاقات کی، جس میں خواتین کی ترقی اور انہیں بااختیار بنانے سے متعلق امور زیر بحث آئے۔