وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے بابا گورونانک دیو جی کے 557ویں جنم دن کی تقریبات میں شرکت کے لیے پاکستان آنے والے سکھ یاتریوں کے نام اپنے تہنیتی پیغام میں انہیں خوش آمدید کہا ہے۔
مریم نواز شریف نے کہا کہ پاکستان بالخصوص پنجاب امن، محبت، مذہبی رواداری اور بین المذاہب ہم آہنگی کی پہچان رکھتا ہے۔ سکھ برادری کے لیے پاکستان میں موجود مقدس مقامات کی زیارت کے دوران بہترین سہولیات فراہم کرنا حکومت کی اولین ذمہ داری ہے۔
وزیراعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا کہ بابا گورونانک دیو جی امن، محبت اور بھائی چارے کے عظیم علمبردار تھے اور ان کی تعلیمات انسانیت کے لیے اہم پیغام رکھتی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان آنے والے تمام سکھ یاتری ہمارے معزز مہمان ہیں اور ان کی روایتی مہمان نوازی اور سہولت کاری کے لیے تمام ممکنہ اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ ان کا پرتپاک استقبال پاکستان کی روایتی رواداری کا اظہار ہے۔
مریم نواز شریف نے مزید کہا کہ پنجاب حکومت تمام مذاہب کے پیروکاروں کو اپنی مذہبی رسومات آزادانہ طور پر ادا کرنے کے لیے سازگار ماحول فراہم کرنے کے عزم پر قائم ہے۔
ان کے مطابق مذہبی سیاحت کا فروغ پاکستان کے مثبت اور پُرامن تشخص کو دنیا بھر میں اجاگر کرنے کا مؤثر ذریعہ ہے۔