تازہ ترین

اپنا گھر، اپنا آشیانہ پروگرام جاری رہے گا، گھروں کی تعداد کی کوئی حد نہیں، وزیراعظم

0

وزیراعظم شہباز شریف نے کم آمدن والے خاندانوں کو اپنی چھت فراہم کرنے کے حکومتی عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ ’اپنا گھر، اپنا آشیانہ‘ پروگرام کے تحت گھروں کی تعمیر جاری رہے گی اور اس مقصد کے لیے گھروں کی تعداد کی کوئی حد مقرر نہیں کی گئی۔

اسلام آباد میں پروگرام کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے بینکوں کو ہدایت کی کہ قرضوں کی درخواستوں پر میرٹ کی بنیاد پر فیصلے کیے جائیں اور مستحق افراد کو قرضوں کی فراہمی میں غیر ضروری تاخیر نہ کی جائے۔

شہباز شریف نے کہا کہ قرض حاصل کرنے کے لیے کسی سیاسی جماعت سے تعلق رکھنے کی شرط نہیں، جو بھی درخواست گزار میرٹ پر پورا اترتا ہے اسے قرض ضرور ملنا چاہیے۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ وسائل پوری قوم کی امانت ہیں اور ان سے فائدہ صرف حقدار افراد کو پہنچنا چاہیے۔

وزیراعظم نے بینکوں پر زور دیا کہ قرضوں کی منظوری کا عمل تیز کیا جائے اور اسے بجلی کی رفتار سے مکمل کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ اس پروگرام میں نہ کرپشن ہوئی ہے اور نہ ہی اقربا پروری، جو ایک بڑی کامیابی ہے۔

انہوں نے واضح کیا کہ قرضوں کی فراہمی میں کسی قسم کی سیاسی مداخلت برداشت نہیں کی جائے گی۔ اگر وزیراعظم بھی کسی ایسے شخص کی سفارش کریں جو مقررہ معیار پر پورا نہیں اترتا تو بینک اسے قرض دینے سے صاف انکار کر دیں۔

شہباز شریف کا کہنا تھا کہ حکومت کی ذمہ داری ہے کہ قومی وسائل شفاف طریقے سے مستحق افراد تک پہنچائے۔ پروگرام کے لیے جتنے وسائل درکار ہوں گے فراہم کیے جائیں گے تاکہ زیادہ سے زیادہ غریب خاندانوں کو اپنی چھت میسر آ سکے۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.