قطر اور جرمنی کا ایران سے حوثیوں کی حمایت ختم کرنے اور جوہری شفافیت بڑھانے کا مطالبہ
مشرقِ وسطیٰ میں جاری کشیدگی اور یمن کی صورتحال پر قطر اور جرمنی نے ایران سے اپنے مؤقف پر نظرثانی اور خطے میں امن کے لیے عملی اقدامات کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔ دونوں ممالک نے تہران پر زور دیا ہے کہ وہ یمن کے حوثی گروہ کو فوجی معاونت فراہم کرنے کا سلسلہ بند کرے اور اپنے جوہری پروگرام کے حوالے سے عالمی برادری کو مطمئن کرنے کے لیے تعاون بڑھائے۔
یہ مؤقف امیرِ قطر شیخ تمیم بن حمد آل ثانی کے 20 اور 21 نومبر کو جرمنی کے سرکاری دورے کے اختتام پر جاری ہونے والے مشترکہ اعلامیے میں سامنے آیا۔
اعلامیے میں کہا گیا کہ ایران کو جوہری ہتھیار تیار کرنے یا حاصل کرنے کی اجازت نہیں ہونی چاہیے۔ قطر اور جرمنی نے تہران پر زور دیا کہ وہ جوہری عدم پھیلاؤ کے معاہدے اور بین الاقوامی جوہری توانائی ایجنسی (IAEA) کے حفاظتی معاہدوں کی مکمل پاسداری کرے۔
دونوں ممالک نے ایران سے مطالبہ کیا کہ وہ اپنی جوہری سرگرمیوں کے بارے میں شفافیت میں اضافہ کرے اور عالمی جوہری ادارے کے معائنہ کاروں کے ساتھ مکمل تعاون یقینی بنائے۔
مشترکہ اعلامیے میں یمن کی صورتحال کا حوالہ دیتے ہوئے حوثی گروہ کی فوجی کارروائیوں اور سعودی عرب پر حملوں کی مذمت بھی کی گئی۔ قطر اور جرمنی نے ایران سے کہا کہ وہ حوثیوں کو اسلحہ اور دیگر فوجی معاونت فراہم کرنا بند کرے۔
دونوں ممالک نے حوثی گروہ پر بھی زور دیا کہ وہ حملے روکنے، تجارتی جہازوں کو دھمکیاں دینے سے گریز کرنے اور سیاسی مذاکرات کے ذریعے تنازع کے حل کی طرف واپس آنے کے لیے اقدامات کرے۔