کور کمانڈر پشاور لیفٹیننٹ جنرل محمد نعیم اختر نے خیبرپختونخوا میں اپنی تعیناتی کے مقاصد اور صوبے کے وسائل سے متعلق تحفظات پر قبائلی عمائدین کے جرگے میں خصوصی دعا کرتے ہوئے کہا ہے کہ ان کی تعیناتی کے پیچھے کوئی خفیہ ایجنڈا یا معدنیات پر قبضے کا مقصد نہیں ہے۔
قبائلی مشران کے سامنے اجتماعی دعا کے دوران لیفٹیننٹ جنرل نعیم اختر نے کہا کہ اگر انہیں خیبرپختونخوا میں بدامنی پھیلانے، صوبے کے وسائل پر قبضہ کرنے یا کسی خفیہ ایجنڈے کے تحت بھیجا گیا ہے تو اللہ تعالیٰ ان کی دنیا اور آخرت برباد کرے۔
انہوں نے دعا کرتے ہوئے کہا کہ اگر ان کی تعیناتی کا مقصد خیبرپختونخوا کے وسائل پر قبضہ کرنا ہے تو ان کی تنخواہ حرام ہو۔
کور کمانڈر پشاور کا مزید کہنا تھا کہ اگر خیبرپختونخوا انہیں پنجاب، سندھ، بلوچستان، گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر جتنا عزیز نہیں تو ان کی تنخواہ حرام ہو۔
لیفٹیننٹ جنرل محمد نعیم اختر نے واضح کیا کہ وہ کسی خفیہ ایجنڈے یا معدنیات پر قبضے کے مقصد سے یہاں نہیں آئے اور اگر ان کی نیت ایسی ہے تو اللہ تعالیٰ انہیں دنیا اور آخرت میں سزا دے۔
اس موقع پر جرگے میں موجود قبائلی عمائدین نے ان کی گفتگو سنی۔ کور کمانڈر کی خصوصی دعا اور جرگے میں ان کی گفتگو کی ویڈیو بھی سوشل میڈیا پر شیئر کی جا رہی ہے۔