کراچی: وفاقی وزیر دفاع خواجہ آصف کے پیپلز پارٹی اور چیئرمین بلاول بھٹو زرداری سے متعلق بیانات نے سیاسی ماحول میں کشیدگی پیدا کر دی ہے، جس پر پیپلز پارٹی کی قیادت نے سخت ردعمل دیتے ہوئے انہیں ناقابلِ قبول قرار دیا ہے۔
پیپلز پارٹی کی سینیٹر شیری رحمان نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر اتوار کو جاری بیان میں کہا کہ خواجہ آصف نے پارٹی اور اس کی قیادت کے حوالے سے بیانات دے کر ریڈ لائن عبور کر لی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ وفاقی وزیر دفاع کی جانب سے مسلسل اس نوعیت کے بیانات کسی صورت قابلِ قبول نہیں۔
پیپلز پارٹی کی رہنما شرمیلا فاروقی نے بھی خواجہ آصف کے بیانات پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ سیاسی اختلاف رائے کا حق ہر کسی کو حاصل ہے، تاہم اختلاف اور تضحیک کے درمیان واضح حد موجود ہے۔ ان کے مطابق چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کے بارے میں غیر ذمہ دارانہ ریمارکس پارٹی کے لیے سرخ لکیر کی حیثیت رکھتے ہیں۔
واضح رہے کہ یہ تنازع اس وقت شدت اختیار کر گیا جب وفاقی وزیر دفاع خواجہ آصف نے سوشل میڈیا پر بلاول بھٹو زرداری کے بیانات پر تنقید کی اور لاہور میں واقع بلاول ہاؤس کی ملکیت اور قانونی حیثیت سے متعلق سوالات اٹھائے تھے۔