پاکستان تحریک انصاف کے رہنما بیرسٹر سیف نے کہا ہے کہ خیبرپختونخوا میں علی امین گنڈاپور کی حکومت چند افراد کی نااہلی کے باعث ختم ہوئی، جبکہ پارٹی کے مشکل دور میں انہوں نے اہم ذمہ داریاں ادا کیں۔ ان کا کہنا ہے کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان اور پارٹی کارکن ان پر اعتماد کرتے ہیں۔
نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے بیرسٹر سیف نے بتایا کہ انہیں بانی پی ٹی آئی عمران خان نے خیبرپختونخوا کابینہ میں شامل کرایا تھا۔ حکومت کے خاتمے کے بعد انہیں صوبے میں پارٹی کا سیکریٹری اطلاعات مقرر کیا گیا اور وہ جنید اکبر کی تقرری تک اس عہدے پر کام کرتے رہے۔ ان کے مطابق وفاق کی جانب سے یہ پالیسی سامنے آئی تھی کہ سرکاری عہدہ رکھنے والا شخص پارٹی کا عہدہ نہیں رکھ سکتا، اس لیے مشیر اطلاعات ہونے کے باعث انہیں پارٹی کا عہدہ نہیں دیا گیا، بعد ازاں عدیل اقبال سیکریٹری اطلاعات بنے۔
بیرسٹر سیف کا کہنا تھا کہ علی امین گنڈاپور کی حکومت ختم ہونے تک وہ صوبائی کابینہ میں وزیر رہے اور 9 مئی کے بعد پارٹی کے مشکل دور میں بھی اہم ذمہ داریاں نبھاتے رہے۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ جیل میں بانی پی ٹی آئی عمران خان سے ان کی سب سے زیادہ ملاقاتیں ہوئیں، جن کے دوران پارٹی، سیاسی، سرکاری اور تنظیمی معاملات پر تفصیلی گفتگو ہوتی رہی۔ ان کے بقول بعض ملاقاتیں ایک گھنٹے تک جاری رہیں۔
انہوں نے کہا کہ پارٹی کارکن اور بانی پی ٹی آئی ان پر اعتماد کرتے ہیں، جبکہ گرفتار کارکنوں کے اہل خانہ بھی اپنے عزیزوں کی خیریت اور جیل میں سہولتوں سے متعلق ان سے رابطہ کرتے رہتے ہیں۔
محمود خان اچکزئی سے متعلق سوال پر بیرسٹر سیف نے انہیں پختونوں کا بڑا رہنما قرار دیا، تاہم ان کا کہنا تھا کہ عمران خان کی جانب سے ماضی میں دیے گئے بیانات کے باعث محمود خان اچکزئی آج پی ٹی آئی سے ناراض ہیں اور شاید ان بیانات کا بدلہ لے رہے ہیں۔
علامہ راجہ ناصر عباس کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے بیرسٹر سیف نے کہا کہ انہیں ان کی توثیق یا حمایت کی ضرورت نہیں، بلکہ پہلے انہیں اپنی سیاسی حیثیت اور ساکھ ثابت کرنی چاہیے۔ انہوں نے علامہ ناصر عباس کو مشورہ دیا کہ وہ اپنی تنظیم کے لوگوں کے مسائل پر توجہ دیں۔ بیرسٹر سیف نے 2024 میں پاراچنار کے فسادات کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ اس وقت علاقے کے راستے بند ہونے سے شہریوں کو مشکلات کا سامنا تھا۔ ان کے مطابق علامہ ناصر عباس کو وزیراعلیٰ کے ساتھ بیٹھ کر متاثرہ آبادی تک خوراک اور طبی سہولتیں پہنچانے کے لیے کردار ادا کرنا چاہیے تھا۔
بیرسٹر سیف نے دعویٰ کیا کہ وہ خود سخت سردی اور خطرناک حالات میں پاراچنار گئے، جرگوں میں شریک ہوئے اور کشیدگی ختم کرانے کی کوششیں کیں۔ ڈپٹی کمشنر جاوید محسود پر حملے کے واقعے کا ذکر کرتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ بگن کے علاقے میں پاراچنار کے شہریوں کے لیے خوراک، ادویات اور ضروری سامان لے جانے والے قافلے کی حفاظت کے دوران ڈپٹی کمشنر فائرنگ سے زخمی ہوئے، جبکہ پولیس اہلکار بھی اس واقعے کی زد میں آئے۔
ان کا کہنا تھا کہ وہ خود موقع پر موجود تھے اور زخمی ڈپٹی کمشنر کو ایمبولینس کے ذریعے ٹل کے قلعے میں قائم سی ایم ایچ یونٹ منتقل کیا گیا، جہاں انہیں ابتدائی طبی امداد فراہم کی گئی۔ بیرسٹر سیف کے مطابق ڈپٹی کمشنر کو خون کی ضرورت پڑنے پر انہوں نے خود خون عطیہ کیا، جبکہ ایک پولیس اہلکار کو بھی خون دیا۔ بعد ازاں دونوں زخمیوں کو فوجی ہیلی کاپٹر کے ذریعے پشاور منتقل کیا گیا۔
بیرسٹر سیف نے کہا کہ مشکل حالات میں عملی کردار ادا کرنا ضروری ہوتا ہے، صرف ٹی وی پر بیٹھ کر الزامات لگانا کافی نہیں۔