عوامی نیشنل پارٹی کے مرکزی صدر سینیٹر ایمل ولی خان نے کہا ہے کہ پشتون اور بلوچ عوام کو درپیش مسائل کے حل کے لیے دونوں اقوام کو مشترکہ سیاسی حکمت عملی اپنانا ہوگی، جبکہ ان کے درمیان اتحاد، اتفاق اور باہمی احترام وقت کی اہم ضرورت ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ صوبوں کی تقسیم کا مقصد بہتر انتظامی نظام یا بنیادی سہولیات کی فراہمی نہیں بلکہ ان کے بقول پشتونوں اور بلوچوں کے وسائل پر قبضے اور قومی وسائل کی لوٹ مار کو جاری رکھنا ہے۔
شہدا وطن کی یاد میں ہائی اسکول فٹ بال گراؤنڈ میں منعقدہ جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے ایمل ولی خان نے کہا کہ مسلط کردہ دہشت گردی بھی وسائل پر اختیار محدود رکھنے کے منصوبے کا حصہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ پشتون اور بلوچ دو برادر، باوقار اور سیال اقوام ہیں، جنہیں اپنے حقوق کے تحفظ کے لیے مشترکہ جدوجہد کرنی چاہیے۔
انہوں نے ڈیورنڈ لائن سے متصل علاقوں میں کاروباری اور تجارتی سرگرمیوں کی بندش پر بھی تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اس سے مقامی آبادی کا معاشی ڈھانچہ بری طرح متاثر ہو رہا ہے۔ ان کے مطابق سرحد کے دونوں جانب رہنے والے لوگوں کے تاریخی، قومی، ثقافتی اور خاندانی رشتے ان لکیروں کے محتاج نہیں، اس لیے ایسی روایات اور تعلقات پر پابندیاں عائد کرنا قابلِ گرفت عمل ہے۔
ایمل ولی خان نے شہید خان جیلانی خان اچکزئی اور شہید اسد خان اچکزئی کی قربانیوں کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ عوامی نیشنل پارٹی شہدا کی امانت دار جماعت ہے اور ان کی قربانیاں ناقابلِ فراموش ہیں۔ ان کے بقول انہی قربانیوں کے باعث فکرِ باچاخان کی صد سالہ جدوجہد جاری ہے۔ انہوں نے کہا کہ پشتون قوم کئی دہائیوں سے بدامنی، دہشت گردی، معاشی مشکلات، بے روزگاری اور عدم تحفظ جیسے مسائل کا سامنا کر رہی ہے۔
اے این پی کے مرکزی صدر نے کہا کہ پشتون سرزمین قدرتی وسائل، معدنیات اور معاشی امکانات سے مالامال ہے، لیکن مقامی آبادی اپنے ہی وسائل سے فائدہ اٹھانے کے بجائے محرومیوں اور مشکلات میں زندگی گزارنے پر مجبور ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ کسی بھی علاقے کی ترقی کے لیے ضروری ہے کہ وہاں کے وسائل پر پہلا حق مقامی آبادی کو دیا جائے اور عوام کو ان کے سیاسی، معاشی اور آئینی حقوق فراہم کیے جائیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ پشتون اور بلوچ اقوام کو درپیش مسائل اور ان کے اسباب کو سمجھتے ہوئے مشترکہ سیاسی حکمت عملی اختیار کرنا ہوگی۔ ان کے مطابق جمہوری اقدار، آئین کی بالادستی اور پارلیمان کی خودمختاری ہی عوامی حقوق کے تحفظ اور خطے میں پائیدار امن کے قیام کا راستہ ہیں۔
جلسے سے خطاب کرتے ہوئے عوامی نیشنل پارٹی کے صوبائی صدر اصغر خان اچکزئی نے کہا کہ ان کے بقول ایک منظم منصوبہ بندی کے تحت پشتون بلوچ وطن میں لاقانونیت اور دہشت گردی مسلط کی جا رہی ہے۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ مسلح جتھوں، قومی شاہراہوں پر عدم تحفظ، منشیات کی بڑے پیمانے پر کاشت اور کاروبار، وسائل کی لوٹ مار اور معاشی مشکلات کے ذریعے عوام کو متاثر کیا جا رہا ہے، جبکہ بھائی کو بھائی اور برادر قبائل کو ایک دوسرے کے مقابل لانے کے لیے رنجشوں کا جال بچھایا جا رہا ہے۔
اصغر خان اچکزئی نے کہا کہ جیل جانا ان کے لیے نئی بات نہیں اور انہیں اپنے علاقے کے عوام کے مفادات ہر چیز سے زیادہ عزیز ہیں۔ انہوں نے شہید خان جیلانی خان اچکزئی، شہید عسکر خان اچکزئی اور شہید اسد خان اچکزئی کے جنازوں کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ان مشکل لمحات میں بھی انہوں نے چمن کے عوام اور املاک کو نقصان نہیں پہنچایا۔ ان کا کہنا تھا کہ آئندہ بھی وہ عوام کے مفادات کو مقدم رکھیں گے۔
صوبائی صدر نے 8 فروری کے انتخابات کا حوالہ دیتے ہوئے الزام عائد کیا کہ فارم 47 کے ذریعے جعلی اور بوگس اسمبلیاں تشکیل دی گئیں اور عوامی رائے کے ساتھ کھلواڑ کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ ملک بھر میں پارلیمان کی توہین کی گئی، جبکہ ان کے بقول اس وقت مقننہ اور عدلیہ دباؤ کا شکار، انتظامیہ مفلوج اور صحافت پر قدغنیں عائد ہیں۔ اصغر خان اچکزئی نے خبردار کیا کہ ان اقدامات کے جو بھی نتائج سامنے آئیں گے، ان کی ذمہ داری انہی قوتوں پر عائد ہوگی۔
جلسے سے خطاب کرتے ہوئے اے این پی کے صوبائی پارلیمانی لیڈر انجینئر زمرک خان اچکزئی نے کہا کہ فکرِ باچاخان کا بنیادی مقصد عوام کی خدمت ہے، جس کے لیے پرامن اور جمہوری جدوجہد کا راستہ اختیار کیا گیا۔ ان کا کہنا تھا کہ فلسفہ عدم تشدد آج بھی پشتونوں اور بلوچوں کے حقوق کا ضامن ہے اور ملک و خطے کے موجودہ حالات بھی اسی طرزِ جدوجہد کے متقاضی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پارٹی کو اپنی جدوجہد اور شہدا کی قربانیوں پر فخر ہے اور شہید خان جیلانی خان اچکزئی اور شہید اسد خان اچکزئی کی شہادت ان کے لیے مشعلِ راہ ہے۔
جلسے کی صدارت صوبائی صدر اصغر خان اچکزئی نے کی، جبکہ صوبائی جنرل سیکریٹری مابت کاکا نے نظامت کے فرائض انجام دیے۔ جلسے سے صوبائی نائب صدر جمال الدین رشتیا، صوبائی ترجمان ولی داد میانی، صوبائی کلتور سیکریٹری حضرت علی اچکزئی اور ضلعی صدر عبدالخالق حقمل نے بھی خطاب کیا۔ اس موقع پر صوبائی ترجمان ولی داد میانی نے قراردادیں پیش کیں، جبکہ تلاوتِ کلام پاک کی سعادت مولوی اختر محمد نے حاصل کی۔ جلسے میں ہزاروں افراد نے شرکت کی۔