وزیر دفاع خواجہ آصف نے نئے صوبوں کے قیام سے متعلق جاری مشاورت کے حوالے سے اہم پیش رفت کا عندیہ دیتے ہوئے کہا ہے کہ نئے سال کے آغاز پر اس معاملے پر کوئی قابلِ قبول حل سامنے آ سکتا ہے اور یہ معاملہ زیادہ طویل نہیں چلے گا۔
نجی ٹی وی چینل کو انٹرویو دیتے ہوئے خواجہ آصف نے بتایا کہ نئے صوبوں کے معاملے پر گزشتہ چار سے پانچ ماہ سے رابطوں اور مشاورت کا سلسلہ جاری ہے۔ ان کے مطابق جلد ایسی تجویز یا شکل سامنے آ سکتی ہے جسے تمام متعلقہ فریق قبول کر سکیں۔
وزیر دفاع کا کہنا تھا کہ نئے سال کے آغاز میں ریفرنڈم بھی ہو سکتا ہے، تاہم اس حوالے سے وہ کوئی حتمی ٹائم فریم دینے کی پوزیشن میں نہیں ہیں۔
انہوں نے کہا کہ نئے صوبوں کے معاملے پر مختلف تجاویز سامنے آ رہی ہیں اور کوشش کی جا رہی ہے کہ تمام شراکت داروں کو مشاورت میں شامل کرکے متفقہ رائے قائم کی جائے۔ جن امور پر اختلاف ہوگا، ان پر مزید بات چیت کی جائے گی، جبکہ اس سلسلے میں تیار ہونے والی دستاویز تمام متعلقہ فریقوں کے ساتھ شیئر کی جائے گی۔
خواجہ آصف نے واضح کیا کہ ریفرنڈم غیر قانونی نہیں بلکہ آئین میں اس کی گنجائش موجود ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ نئے صوبوں یا انتظامی یونٹس کا قیام آئینی طریقہ کار کے تحت عمل میں لایا جائے گا اور اس مقصد کے لیے باقاعدہ آئینی ترامیم پر کام کیا جائے گا۔
وزیر دفاع کے مطابق پہلے انتظامی یونٹس قائم کیے جائیں گے اور اس کے بعد صوبوں کے قیام کا مرحلہ آئے گا۔