ایران نے بیک وقت دو میزائل داغنے والا نیا لانچر متعارف کرا دیا
ایران نے اپنی میزائل صلاحیتوں میں اضافے کا دعویٰ کرتے ہوئے ایسا نیا لانچر پیش کیا ہے جو بیک وقت دو مائع ایندھن والے میزائل داغنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔ ایرانی سرکاری ٹیلی وژن نے ہفتے کے روز پہلی مرتبہ اس نظام کی فوٹیج نشر کی۔
سرکاری نشریاتی ادارے کے مطابق پاسدارانِ انقلاب کے سربراہ احمد واحدی اور فضائیہ کے کمانڈر مجید موسوی نے ایک زیرِ زمین میزائل اڈے کا دورہ کیا، جہاں طویل سرنگوں میں میزائل اور فوجی سازوسامان رکھا ہوا دکھایا گیا۔
اس موقع پر احمد واحدی نے کہا کہ دشمن کو پہنچنے والا نقصان محض آغاز ہے اور اسے مزید ذلت کا سامنا کرنا پڑے گا۔
ایرانی فضائیہ کے کمانڈر مجید موسوی نے دعویٰ کیا کہ گزشتہ دو تنازعات کے دوران ایران کی عسکری صلاحیتوں میں اضافہ ہوا ہے اور جدید ہتھیار دشمن کو خوفزدہ کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔
رپورٹس کے مطابق ایران نے رواں ماہ کے آغاز میں بھی ایک نئے زیرِ زمین میزائل اڈے کی رونمائی کی تھی، جہاں بیلسٹک اور کروز میزائلوں سمیت مختلف فوجی سازوسامان موجود ہونے کا دعویٰ کیا گیا تھا۔
تاہم ایران نے نئے لانچر کی مکمل تکنیکی تفصیلات، عملی آزمائش یا جنگ میں اس کے استعمال کی تصدیق نہیں کی۔