تازہ ترین

نئے صوبوں پر اتفاق ہوا تو دسمبر کے آخر یا جنوری میں ریفرنڈم ممکن ہے، حذیفہ رحمان

0

نئے صوبوں کے قیام سے متعلق سیاسی مشاورت میں پیش رفت کا امکان ظاہر کرتے ہوئے وزیراعظم کے معاون خصوصی حذیفہ رحمان نے کہا ہے کہ اگر تمام متعلقہ فریقوں کے درمیان اتفاق رائے پیدا ہوگیا تو دسمبر کے آخری دنوں یا جنوری کے پہلے ہفتے میں ریفرنڈم کرایا جا سکتا ہے۔

نجی ٹی وی کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے حذیفہ رحمان نے کہا کہ نئے صوبوں کے معاملے پر مسلم لیگ ن کے قائد نواز شریف اور وزیراعظم شہباز شریف کی سوچ میں کوئی اختلاف نہیں۔ ان کے مطابق شہباز شریف اس حوالے سے جو بھی قدم اٹھائیں گے، انہیں نواز شریف کی مکمل حمایت حاصل ہوگی۔

انہوں نے بتایا کہ اتفاق رائے کی صورت میں دسمبر کے آخر یا جنوری کے پہلے ہفتے میں ریفرنڈم ممکن ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ریفرنڈم کے بعد آئینی ترمیم کے لیے بھی مطلوبہ تعداد پوری ہو جائے گی اور پیپلز پارٹی کے ارکان بھی اس معاملے پر ووٹ دینا چاہتے ہیں۔

حذیفہ رحمان نے کہا کہ ریفرنڈم کے بعد پیپلز پارٹی کو واضح کرنا چاہیے کہ آئین کی کون سی شق آرٹیکل 239 کی ذیلی شق 4 میں ترمیم کی راہ میں رکاوٹ بن سکتی ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ نواز شریف مسلم لیگ ن کے سپریم لیڈر ہیں اور اس معاملے پر ان کا مؤقف پارٹی اور پنجاب کی نمائندگی کرے گا۔ ان کے مطابق نئے صوبوں سے متعلق وزیراعظم شہباز شریف کا کوئی بھی اقدام نواز شریف کی مکمل حمایت سے ہوگا۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.