تازہ ترین

پاکستان دوطرفہ مذاکرات میں دہشت گردی کا معاملہ بھی اٹھائے گا، مصدق ملک

0

وفاقی وزیر موسمیاتی تبدیلی ڈاکٹر مصدق ملک نے کہا ہے کہ پاکستان بھارت کے ساتھ دوطرفہ مذاکرات کے لیے تیار ہے، تاہم اس سلسلے میں پہل نئی دہلی کو کرتے ہوئے اسلام آباد کو باضابطہ دعوت دینا ہوگی۔

ڈاکٹر مصدق ملک 20 سے 22 نومبر تک نئی دہلی میں منعقد ہونے والے شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او) کے پہلے تہذیبی مکالمے کے فورم میں پاکستانی وفد کی قیادت کر رہے ہیں۔

اتوار کو پاکستانی ہائی کمیشن کے ارکان سے غیر رسمی ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر نے کہا کہ پاکستان بھارت کی جانب سے اٹھائے جانے والے کسی بھی دوطرفہ معاملے پر بات چیت کے لیے تیار ہے۔ ان کے مطابق دہشت گردی کا معاملہ بھی مذاکرات میں زیر بحث آئے گا اور پاکستان اس حوالے سے شواہد پیش کرنے کے لیے تیار ہے۔

مصدق ملک نے کہا کہ بھارت کو پاکستان پر الزامات عائد کرنے کے بجائے شواہد پیش کرنے چاہئیں، کیونکہ پاکستان کے پاس دہشت گردی سے متعلق شواہد موجود ہیں۔

انہوں نے دونوں ممالک پر زور دیا کہ دہشت گردی کے خاتمے کے لیے مشترکہ کوششیں کی جائیں اور اس مسئلے سے نمٹنے کے لیے مل کر کام کیا جائے۔

ایس سی او فورم کے دوران وفاقی وزیر نے پاکستان، بھارت اور خطے کے دیگر ممالک کے درمیان ثقافتی روابط اور مکالمے کی اہمیت پر بھی زور دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ مختلف شناختوں اور برادریوں کے درمیان مکالمے کی خطے میں ایک طویل تاریخ موجود ہے۔

فورم سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے علاقائی تعاون، مکالمے اور سکیورٹی و جغرافیائی سیاسی چیلنجز سے نمٹنے کے لیے مشترکہ حکمت عملی اختیار کرنے کی ضرورت پر بھی بات کی۔

مصدق ملک نے پاکستان کے متنوع تہذیبی ورثے کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ملک کی ثقافتی شناخت مختلف تہذیبوں، برادریوں اور تاریخی اثرات سے تشکیل پائی ہے۔ ان کے مطابق وادی سندھ، گندھارا، وسطی ایشیا، فارس اور عرب دنیا کے اثرات پاکستان کے ثقافتی ورثے کا اہم حصہ ہیں۔

انہوں نے خبردار کیا کہ موسمیاتی تبدیلی تاریخی اور ثقافتی مقامات کے لیے بھی ایک بڑھتا ہوا خطرہ ہے۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.