عالمی مالیاتی منڈیوں میں مندی کے اثرات، خام تیل کی قیمتوں میں مزید کمی
عالمی مالیاتی منڈیوں میں مندی کے اثرات اجناس کی مارکیٹ تک پہنچنے کے باعث خام تیل کی قیمتوں میں بھی کمی ریکارڈ کی گئی ہے، تاہم خلیجی سمندری راستوں پر جاری حملوں نے قیمتوں میں مزید گراوٹ کو محدود رکھا ہے۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق ایشیائی اسٹاک مارکیٹوں میں کاروبار کے آغاز پر منفی رجحان دیکھا گیا، جہاں جنوبی کوریا کی ٹیکنالوجی پر مبنی مارکیٹ تقریباً 4 فیصد گر گئی، جبکہ چین، ہانگ کانگ اور آسٹریلیا کی مارکیٹوں میں بھی کمی ریکارڈ کی گئی۔ امریکی اسٹاک مارکیٹوں میں بھی گزشتہ ہفتے مندی رہی اور نیسڈیک میں 10 فیصد کمی واقع ہوئی۔
کاروباری ہفتے کے آغاز پر برینٹ خام تیل کے مستقبل کے سودوں کی قیمت 28 سینٹ یا 0.30 فیصد کمی کے بعد 92.29 ڈالر فی بیرل ہوگئی، جبکہ امریکی ویسٹ ٹیکساس انٹرمیڈیٹ (WTI) کی قیمت 15 سینٹ یا 0.18 فیصد گر کر 83.26 ڈالر فی بیرل پر آگئی۔ گزشتہ ہفتے برینٹ کی قیمت میں 4 فیصد اور ڈبلیو ٹی آئی میں 5 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی تھی۔
دوسری جانب ایران کے خلاف امریکا اور اسرائیل کی غیر حل شدہ جنگ کے باعث خطے میں کشیدگی برقرار ہے، جس نے تیل کی قیمتوں میں مزید کمی کو محدود کر رکھا ہے۔ اتوار کے روز حوثی تحریک نے سعودی عرب کی ایک آئل ریفائنری پر حملے کا دعویٰ کیا، جبکہ ہفتے کے اختتام پر خلیج اور آبنائے ہرمز کے قریب بحری جہازوں پر متعدد حملوں کی اطلاعات بھی سامنے آئیں۔
سڈنی میں قائم ایکس اینالسٹس کے چیف آئل تجزیہ کار موکش سہدیو کے مطابق تیل کی قیمتوں میں کمی کا رجحان عالمی مارکیٹ کی مجموعی صورتحال کے باعث جاری ہے، تاہم بحری جہازوں کی نقل و حرکت پر حملوں کے اثرات سامنے آنا شروع ہوگئے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ خالی تیل بردار جہازوں کی تعداد بڑھ رہی ہے، جبکہ تیل سے لدے جہازوں کی تعداد اس کے برعکس ہے، جس سے مستقبل میں سپلائی متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔
ادھر ترکیے میں عالمی موسمیاتی کانفرنس COP31 کے دوران فوسل فیول کے استعمال کو مرحلہ وار ختم کرنے سے متعلق حتمی اعلامیے میں بیان شامل کرنے پر اتفاق نہ ہوسکا، جس کے باعث مذاکرات 2009 کے بعد پہلی مرتبہ ناکام ہوگئے۔ سعودی عرب اور دیگر بڑے تیل پیدا کرنے والے ممالک نے مؤقف اختیار کیا کہ مستقبل قریب میں بھی معیشت میں فوسل فیول کا کردار برقرار رہے گا، جبکہ کانفرنس میں مبصرین کے مطابق ان ممالک نے حتمی متن سے فوسل فیول کا ذکر خارج رکھنے کے لیے لابنگ کی۔
اوپیک نے بھی کانفرنس میں فوسل فیول کے استعمال کا دفاع کیا۔ دوسری جانب اوپیک پلس کے وزرا 29 نومبر کو اجلاسوں کے ایک سلسلے میں شرکت کریں گے، جہاں 2027 کے لیے تیل کی پیداوار سے متعلق پالیسی پر فیصلہ کیا جائے گا۔ اس گروپ میں اوپیک کے رکن ممالک کے ساتھ روس سمیت دیگر اتحادی شامل ہیں۔