تازہ ترین

پاکستانی خلا نورد کی تاریخی خلائی پرواز کی تیاری، احسن اقبال بیجنگ پہنچ گئے

0

پاکستان کے پہلے خلا نورد کی تاریخی خلائی پرواز کی تیاریوں کے سلسلے میں وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی و ترقی پروفیسر احسن اقبال بیجنگ پہنچ گئے، جہاں وہ خلائی مشن سے متعلق تقریب میں شرکت کریں گے۔

روانگی سے قبل میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے احسن اقبال نے کہا کہ پاکستان کا پہلا خلا نورد چینی خلائی اسٹیشن کا پہلا غیر ملکی مہمان ہوگا، جو ملک کی خلائی تاریخ میں ایک اہم سنگ میل ثابت ہوگا۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ تاریخی پرواز پاک چین دوستی کی ایک نئی علامت بنے گی اور پاکستانی نوجوانوں کے خوابوں کو خلا تک لے جائے گی۔

دستاویز کے مطابق خلائی مشن کے لیے پاکستان کے دو خلا نوردوں کی تربیت کامیابی سے مکمل ہوچکی ہے، جبکہ حتمی خلا نورد کا انتخاب پرواز سے قبل کیا جائے گا۔ وفاقی وزیر اپنے دورے کے دوران دونوں تربیت یافتہ خلا نوردوں سے خصوصی ملاقات بھی کریں گے۔

دوسری جانب شمال مغربی چین میں واقع جیوچوان سیٹلائٹ لانچ سینٹر میں شین ژو 24 خلائی جہاز کی کامیاب لانچنگ ڈرل مکمل کرلی گئی ہے۔ پرواز سے قبل عملے کی اس مشترکہ مشق میں تمام خلا بازوں نے اپنے آپریشنز درست طریقے سے انجام دیے۔

چائنا آسٹروناٹ ریسرچ اینڈ ٹریننگ سینٹر کی عہدیدار زو لو نے میڈیا کو بتایا کہ مشترکہ مشق میں تمام خلا باز پُرعزم تھے اور انہوں نے تمام مراحل کامیابی سے مکمل کیے۔ تربیت کے تمام مراحل مکمل ہونے کے بعد ایک پاکستانی خلا نورد شین ژو 24 خلائی جہاز کے ذریعے خلا میں روانہ ہوگا۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.