پاکستان پیپلزپارٹی نے 30 نومبر کو اپنا یومِ تاسیس ملک بھر میں ضلعی سطح پر جلسوں اور عوامی اجتماعات کے ذریعے منانے کا اعلان کیا ہے۔ اس موقع پر پارٹی چیئرمین بلاول بھٹو زرداری شام 4 بجے ویڈیو لنک کے ذریعے ملک بھر میں منعقدہ تقریبات سے خطاب کریں گے۔
پشاور میں اس حوالے سے اعلان کرتے ہوئے پیپلزپارٹی کے مرکزی جنرل سیکریٹری محمد ہمایوں خان نے بتایا کہ یومِ تاسیس کی تقریبات پارٹی چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی ہدایات پر منعقد کی جا رہی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ تمام ضلعی تنظیموں کو تقریبات کے انتظامات پہلے سے مکمل کرنے کی ہدایت کردی گئی ہے۔ اس سلسلے میں ایل ای ڈی اسکرینز، ساؤنڈ سسٹم، تیز رفتار انٹرنیٹ اور دیگر ضروری تکنیکی سہولیات کی دستیابی یقینی بنانے کا کہا گیا ہے تاکہ کارکن پارٹی چیئرمین کا خطاب سن سکیں۔
محمد ہمایوں خان نے ضلعی عہدیداروں کو ہدایت کی کہ تقریبات منظم اور مؤثر انداز میں منعقد کی جائیں اور اس موقع پر پارٹی کی پانچ دہائیوں سے زائد عرصے پر محیط جمہوری جدوجہد، قربانیوں اور عوامی خدمت کے کردار کو اجاگر کیا جائے۔
ان کا کہنا تھا کہ پیپلزپارٹی کی تاریخ عوامی حقوق کے لیے مسلسل جدوجہد، جمہوریت کی بحالی، آئین کی بالادستی اور وفاق کو مضبوط بنانے کی کوششوں سے عبارت ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ یومِ تاسیس کی تقریبات پارٹی کے سیاسی سفر، جمہوری خدمات اور کامیابیوں کو اجاگر کرنے کے ساتھ نئی نسل کو جماعت کے بنیادی اصولوں اور سیاسی ورثے سے روشناس کرانے کا موقع بھی فراہم کریں گی۔
محمد ہمایوں خان نے اس امید کا اظہار کیا کہ ملک کے تمام 173 اضلاع میں یومِ تاسیس کی تقریبات جوش و خروش اور تنظیمی اتحاد کے ساتھ منعقد ہوں گی۔