تیزی سے بڑھتی آبادی قومی ہنگامی صورتحال ہے، احسن اقبال
پاکستان میں آبادی کی تیزی سے بڑھتی ہوئی شرح کو قومی ہنگامی صورتحال قرار دیتے ہوئے حکومت نے آبادی کے توازن اور دستیاب وسائل کے بہتر استعمال کے لیے مربوط اقدامات کی ضرورت پر زور دیا ہے۔
قومی آبادی کونسل کی ایگزیکٹو کمیٹی کے پہلے اجلاس میں آبادی کی رفتار کو قابو میں لانے اور ملک کی آبادیاتی صلاحیت سے فائدہ اٹھانے کے لیے اقدامات کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس کی مشترکہ صدارت وفاقی وزیر منصوبہ بندی و ترقی احسن اقبال اور وزیر صحت مصطفیٰ کمال نے کی، جس میں چاروں صوبوں، آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان کے نمائندوں نے بھی شرکت کی۔
اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے احسن اقبال نے کہا کہ 1980 کے بعد آبادی میں اضافے کی شرح بتدریج کم ہوکر 2.4 فیصد تک آگئی تھی، تاہم 2023 کی مردم شماری میں یہ دوبارہ بڑھ کر 2.55 فیصد ہوگئی، جو باعث تشویش ہے۔
انہوں نے کہا کہ آبادی کے اعدادوشمار محض اعداد نہیں بلکہ ملک کے مستقبل، بچوں کی فلاح و بہبود اور قومی وسائل کے پائیدار استعمال سے براہ راست جڑے ہوئے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر معاشی ترقی کی شرح 5 فیصد ہو اور آبادی 2.5 فیصد سالانہ بڑھے تو فی کس حقیقی معاشی ترقی صرف 2.5 فیصد رہ جاتی ہے۔
احسن اقبال نے کہا کہ آبادی میں بے قابو اضافہ تعلیم، صحت، روزگار اور بنیادی سہولتوں کی بڑھتی ضروریات پوری کرنا مزید مشکل بنا دے گا۔ انہوں نے نشاندہی کی کہ موجودہ قومی مالیاتی کمیشن ایوارڈ کے تحت وسائل کی تقسیم میں آبادی کو 82 فیصد وزن دیا گیا ہے، جس سے آبادی میں اضافے کی حوصلہ افزائی کا تضاد پیدا ہوتا ہے۔
انہوں نے تجویز دی کہ این ایف سی ایوارڈ کو ترقی اور پائیداری کے اشاریوں سے منسلک کیا جائے تاکہ آبادی میں متوازن اضافے کو یقینی بنانے والے صوبوں کی حوصلہ افزائی ہوسکے۔
اجلاس میں وزارت صحت کی جانب سے پیش کردہ قومی صحت و آبادی پالیسی کے مسودے اور قومی آبادی کے استحکام کے پروگرام کا بھی جائزہ لیا گیا۔ صوبوں اور علاقوں کو آبادی کونسلیں اور ایگزیکٹو کمیٹیاں قائم کرنے، منصوبوں کے لیے اخراجات پر مبنی عملی حکمت عملی تیار کرنے اور مانع حمل اشیا کی فراہمی سے متعلق معلومات کو مربوط نظام سے منسلک کرنے کی ہدایت کی گئی۔
دوسری جانب پاپولیشن کونسل اور اقوام متحدہ کے ادارے یو این ایف پی اے کے اشتراک سے ایک مشاورتی اجلاس بھی منعقد ہوا، جس میں علمائے کرام، طبی ماہرین اور پالیسی سازوں نے خاندانی فلاح، ماں اور بچے کی صحت اور بچوں کی پیدائش میں مناسب وقفے کی اہمیت پر گفتگو کی۔
شرکا نے کہا کہ بچوں کی پیدائش میں مناسب وقفہ ماں اور بچے کی صحت کے تحفظ کے ساتھ خاندانوں اور معاشرے کو مضبوط بنانے میں بھی اہم کردار ادا کرتا ہے۔ پاپولیشن کونسل پاکستان کے کنٹری ڈائریکٹر ڈاکٹر علی محمد میر نے کہا کہ زچگی کے دوران پاکستان میں ہر 37 منٹ بعد ایک ماں زندگی سے ہاتھ دھو بیٹھتی ہے، اس لیے مذہبی رہنما خاندانوں کو ذمہ دارانہ اور باخبر فیصلوں کی رہنمائی فراہم کرسکتے ہیں۔
مرکزی رویت ہلال کمیٹی کے چیئرمین مولانا عبدالخبیر آزاد اور اسلامی نظریاتی کونسل کے چیئرمین علامہ راغب حسین نعیمی نے بھی اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ماؤں کی صحت کا تحفظ، بچوں کے حقوق کی ادائیگی اور خاندانوں کو مضبوط بنانا اسلامی تعلیمات کے مطابق مشترکہ سماجی ذمہ داری ہے۔