تازہ ترین

ڈیجیٹل پاکستان وژن کے تحت سائبر سیکیورٹی کے شعبے میں سرمایہ کاری جاری ہے، شزہ فاطمہ

0

مصنوعی ذہانت اور جدید ٹیکنالوجی کے بڑھتے استعمال کے ساتھ سائبر جرائم کی نوعیت بھی تبدیل ہو رہی ہے، جس کے باعث پاکستان میں ڈیجیٹل تحفظ کو مزید مؤثر بنانے کی ضرورت پر زور دیا جا رہا ہے۔

وفاقی وزیر انفارمیشن ٹیکنالوجی شزہ فاطمہ خواجہ نے کہا ہے کہ سائبر سیکیورٹی کے چیلنجز میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے اور زندگی کا تقریباً ہر شعبہ اب اس سے منسلک ہو چکا ہے۔ مصنوعی ذہانت کے ذریعے وائس اور ویڈیو کلوننگ سمیت سائبر حملوں کے نئے طریقے سامنے آ رہے ہیں، جن سے نمٹنے کے لیے مؤثر حکمت عملی اور عوامی آگاہی ضروری ہے۔

ایئر یونیورسٹی میں سائبر سیکیورٹی آپریشن سینٹر کے افتتاح کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر نے کہا کہ گزشتہ ایک ماہ کے دوران دنیا میں سائبر سیکیورٹی کے چیلنجز نے اس شعبے کی اہمیت مزید واضح کر دی ہے۔ ان کے مطابق ٹیکنالوجی میں جدت کے ساتھ بدعنوان عناصر بھی جدید طریقے اختیار کر رہے ہیں، جس کے نتیجے میں سائبر حملوں اور فراڈ سے بڑی تعداد میں لوگ متاثر ہو رہے ہیں۔

شزہ فاطمہ نے بتایا کہ حکومت نے نیشنل سائبر سیکیورٹی اکیڈمی، نیشنل سائبر سیکیورٹی سینٹر اور سائبر سیکیورٹی پالیسی کے لیے اربوں روپے کی سرمایہ کاری کی ہے۔ انہوں نے سائبر سیکیورٹی آپریشن سینٹر کے قیام کو اہم پیشرفت قرار دیتے ہوئے امید ظاہر کی کہ ہائر ایجوکیشن کمیشن دیگر جامعات میں بھی ایسے مراکز قائم کرنے کے لیے اقدامات کرے گا۔

وفاقی وزیر کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف کے ڈیجیٹل نیشن پاکستان وژن کے تحت ملک کو ڈیجیٹل ٹرانسفارمیشن کی جانب لے جایا جا رہا ہے۔ ڈیجیٹل نیشن ایکٹ کی منظوری کے بعد متعلقہ اتھارٹی قائم کی گئی ہے اور ڈیجیٹل گورننس پر کام جاری ہے۔ حکومتی امور ای آفس کے ذریعے انجام دیے جا رہے ہیں اور سرکاری نظام کو ڈیجیٹل بنایا جا رہا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ چند ماہ کے دوران 3.7 ارب روپے کی حکومتی ادائیگیوں میں سے 92 فیصد ادائیگیاں ڈیجیٹل طریقے سے کی گئیں، جبکہ قومی سطح پر ڈیٹا رجسٹری بھی تیار کی جا رہی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ معیشت اور پائیدار ترقی کے لیے جدید ٹیکنالوجی کا استعمال ناگزیر ہے۔

شزہ فاطمہ نے پوسٹ کوانٹم کرپٹوگرافی پر کام شروع کرنے کو وقت کی اہم ضرورت قرار دیتے ہوئے کہا کہ تمام اداروں میں انفارمیشن سیکیورٹی فریم ورک نافذ کیا جائے گا تاکہ سائبر حملوں سے تحفظ اور ڈیٹا کی حفاظت کے لیے مؤثر اقدامات کیے جا سکیں۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ پاکستان سائبر سیکیورٹی کے حوالے سے نمایاں ممالک میں شامل ہو چکا ہے اور معرکہ حق کے دوران سائبر سیکیورٹی کے محاذ پر حاصل ہونے والی کامیابی نے اعتماد میں اضافہ کیا۔ انہوں نے زور دیا کہ مصنوعی ذہانت کے ذریعے ہونے والے سائبر حملوں کا مقابلہ کرنے کے لیے نئی حکمت عملی اپنانے کے ساتھ عوام میں بھی آگاہی پیدا کرنا ہوگی۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.