پاکستان کی معروف میموری ایتھلیٹ اور دو گنیز ورلڈ ریکارڈز کی حامل ایما عالم نے عالمی سطح پر ایک اور اعزاز حاصل کر لیا ہے۔ انہیں انسانی ذہانت، یادداشت اور ادراکی صلاحیتوں پر مبنی امریکی دستاویزی فلم ’’سپر ہیومن 2: دی ری برتھ‘‘ میں شامل کر لیا گیا ہے۔
فلم کی ہدایت کاری اور پروڈکشن کیرولین کوری نے کی ہے، جس میں سائنس دانوں، محققین اور غیر معمولی ذہنی و حسی صلاحیتوں کے حامل افراد کی کارکردگی کا جائزہ لیا گیا ہے۔ دستاویزی فلم میں ایسے افراد کی صلاحیتوں کو بھی موضوع بنایا گیا ہے جو بینائی کے بغیر راستے تلاش کر سکتے ہیں، جبکہ میموری ایتھلیٹس کی غیر معمولی یادداشت پر بھی روشنی ڈالی گئی ہے۔
فلم میں یہ سوال اٹھایا گیا ہے کہ آیا غیر معمولی ذہنی صلاحیتیں صرف چند مخصوص افراد تک محدود ہیں یا مناسب تربیت، نظم و ضبط اور درست تکنیکوں کے ذریعے عام انسان بھی اپنے ذہن کی پوشیدہ استعداد کو بہتر طور پر استعمال کر سکتا ہے۔
دستاویزی فلم میں ایما عالم کے علاوہ چھ مرتبہ امریکی میموری چیمپئن رہنے والے نیلسن ڈیلس اور گنیز ورلڈ ریکارڈ یافتہ اسکاٹ فلینسبرگ بھی شامل ہیں، جو ’’دی ہیومن کیلکولیٹر‘‘ کے نام سے شہرت رکھتے ہیں۔
فلم میں اسٹیم سیل بائیولوجسٹ ڈاکٹر بروس ایچ لپٹن، مصنف گریگ بریڈن، تحقیقاتی صحافی لین میک ٹیگارٹ اور مائیکل برنارڈ بیک وِد سمیت متعدد محققین اور مصنفین کی آرا بھی پیش کی گئی ہیں۔
اپنی اس کامیابی پر ایما عالم نے کہا کہ فلم کے ذریعے پاکستان میں پروان چڑھنے والی ذہنی تربیت کی صلاحیتوں کو عالمی سطح پر اجاگر کرنے کا موقع ملا ہے۔ ان کے مطابق غیر معمولی ذہنی کارکردگی محض قدرتی صلاحیت نہیں بلکہ نظم و ضبط اور درست تکنیکوں کے ذریعے بھی سیکھی جا سکتی ہے۔
ایما عالم کتاب ’’ماسٹرنگ میموری‘‘ کی مصنفہ بھی ہیں۔ انہوں نے کراچی میں ثانیہ عالم کی رہنمائی میں یادداشت اور تیز رفتار مطالعے کی مہارتیں حاصل کیں، جو ادراکی تربیت کے ادارے ’’فیوچرسٹک لرننگ‘‘ کی بانی ہیں۔
ایما عالم کو 2020 میں اس وقت عالمی سطح پر نمایاں پذیرائی ملی جب انہوں نے 300 سے زائد شرکا کے درمیان 29ویں ورلڈ میموری چیمپئن شپ جیتی۔ اس کے بعد وہ ذہنی کھیلوں کے مختلف شعبوں میں تین عالمی اعزازات، 21 تمغے اور آٹھ ٹرافیاں حاصل کر چکی ہیں۔
ان کے دو گنیز ورلڈ ریکارڈز میں 15 منٹ کے دوران 410 بے ترتیب الفاظ یاد کرنا اور اسی دورانیے میں 218 ناموں اور چہروں کو ذہن نشین کرنا شامل ہے۔
ذہنی کھیلوں میں ان کی کارکردگی کے اعتراف میں انہیں وزیراعظم یوتھ ایکسی لینس ایوارڈ، برطانیہ کے برین ٹرسٹ کی جانب سے گولڈ یوتھ ایویسینا ایوارڈ اور متحدہ عرب امارات کا اعزازی گولڈن ویزا بھی دیا جا چکا ہے۔
’’سپر ہیومن 2: دی ری برتھ‘‘ ہدایت کار کیرولین کوری کی سابقہ دستاویزی فلموں ’’سپر ہیومن: دی اِنویزیبل میڈ ویزیبل‘‘ 2020 اور ’’اے ٹیئر اِن دی اسکائی‘‘ 2022 کا اگلا حصہ ہے۔ فلم کا پریمیئر امریکی ریاست کیلیفورنیا کے شہر بیورلی ہلز کے سبان تھیٹر میں منعقد ہوا، جبکہ عالمی ریلیز سے قبل اسے 2026 کے ڈاونچی انٹرنیشنل فلم فیسٹیول اور سائنیما انٹرنیشنل سائنس فلم فیسٹیول کے لیے بھی منتخب کیا گیا۔