وزیراعظم پاکستان شہباز شریف سے پرتگال کے وزیر خارجہ پاؤلو رینڈژیل نے ملاقات کی، جس میں پاکستان اور پرتگال کے تعلقات کو سیاسی اور معاشی سطح پر مزید مضبوط بنانے اور مختلف شعبوں میں دوطرفہ تعاون بڑھانے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
پرتگال کے وزیر خارجہ 22 سے 23 نومبر تک پاکستان کے سرکاری دورے پر ہیں۔ ملاقات کے دوران وزیراعظم نے ان کا خیرمقدم کرتے ہوئے خطے میں امن کے فروغ کے لیے پاکستان کے کردار کو سراہنے اور یورپی یونین کی جی ایس پی پلس سہولت کے تحت پاکستان کی حمایت جاری رکھنے پر پرتگال کا شکریہ ادا کیا۔
دونوں رہنماؤں نے سیاسی روابط مضبوط بنانے اور تجارت، سرمایہ کاری، زراعت، انفارمیشن ٹیکنالوجی، ٹیکسٹائل، سیاحت، تعلیم اور ثقافتی تبادلوں کے شعبوں میں تعاون بڑھانے پر تبادلہ خیال کیا۔
وزیراعظم نے مختلف شعبوں میں شراکت داری کے فروغ کے لیے پاکستان کی جانب سے مشترکہ وزارتی کمیشن (جے ایم سی) قائم کرنے کی تجویز قبول کرنے کے پرتگال کے فیصلے کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ یہ کمیشن دونوں ممالک کی مشترکہ ترجیحات کے تعین اور عملی تعاون کو آگے بڑھانے کے لیے ایک باقاعدہ فورم فراہم کرے گا۔
دونوں رہنماؤں نے پرتگال کے وزیر خارجہ کے دورے کے موقع پر پاکستان پرتگال بزنس فورم کے انعقاد کا بھی خیرمقدم کیا۔ فورم میں پرتگال کی تقریباً 20 کمپنیوں نے شرکت کی، جہاں دونوں ممالک کے کاروباری نمائندوں کو ملاقات اور تجارت، سرمایہ کاری اور مشترکہ منصوبوں کے مواقع تلاش کرنے کا موقع ملا۔
وزیراعظم نے پرتگالی کمپنیوں کو پاکستان میں قابل تجدید توانائی، زراعت، غذائی اشیا کی پراسیسنگ، ٹیکسٹائل، ٹیکنالوجی اور سیاحت کے شعبوں میں سرمایہ کاری کے مواقع سے فائدہ اٹھانے کی ترغیب دی۔
ملاقات میں زراعت کے شعبے میں تعاون بڑھانے، خصوصاً زیتون کی کاشت، پراسیسنگ اور جدید ٹیکنالوجی کی منتقلی پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس کے علاوہ پاکستان اور پرتگال کے ٹیکسٹائل اداروں کے درمیان روابط مضبوط بنانے کے امور بھی زیرِ بحث آئے۔
دونوں فریقوں نے افرادی قوت کی نقل و حرکت، پیشہ ورانہ مہارتوں کی ترقی، تعلیمی تعاون، ثقافتی تبادلوں اور علاقائی و عالمی صورتحال پر بھی بات چیت کی۔
ملاقات کے اختتام پر دونوں فریقوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ دورے کے نتیجے میں طے پانے والے امور پر عمل درآمد اور دونوں ممالک کے لیے ٹھوس نتائج کے حصول کے لیے مل کر کام کیا جائےگا۔