عالمی مالیاتی فنڈ نے اپنی 2026 کی ایک تحقیقی رپورٹ میں قرار دیا ہے کہ پاکستان میں مہاجرین کی آمد کے معیشت پر اثرات نسبتاً محدود رہے ہیں، جس کی بنیادی وجوہات میں لیبر مارکیٹ اور حکومتی اخراجات پر پڑنے والا کم دباؤ شامل ہے۔
آئی ایم ایف کی رپورٹ ’’مشرق وسطیٰ اور وسطی ایشیا میں مہاجرین کی آمد کے معاشی اثرات‘‘ کے مطابق 2022 کے بعد بڑی تعداد میں افغانستان سے آنے والے مہاجرین کے باوجود پاکستان کی معیشت پر اثرات اردن، لبنان اور ایران کے مقابلے میں نمایاں طور پر کم رہے۔
رپورٹ میں بتایا گیا کہ پاکستان میں ایک مہاجر کی میزبانی پر 2020 اور 2021 کے دوران سالانہ ممکنہ خرچ تقریباً 181 ڈالر تھا۔ اس کے مقابلے میں لبنان میں یہ لاگت 1102 ڈالر، اردن میں 720 ڈالر اور ایران میں 572 ڈالر رہی۔
آئی ایم ایف کے مطابق ان ممالک کے درمیان اخراجات میں فرق کی بڑی وجوہات غربت کی سطح، عوامی خدمات کی فراہمی اور مہاجرین کی ضروریات پر اٹھنے والے اخراجات ہیں۔
رپورٹ میں بتایا گیا کہ لبنان اور اردن میں تمام مہاجرین کی ممکنہ سالانہ معاونت پر مجموعی اخراجات جی ڈی پی کے تقریباً 5 فیصد تک پہنچ سکتے ہیں، جبکہ دیگر میزبان ممالک میں یہ شرح ایک فیصد سے کم رہی۔
عالمی مالیاتی فنڈ نے مہاجرین کی آمد کے معیشت پر اثرات کے تین بنیادی پہلوؤں کی نشاندہی کی ہے، جن میں اضافی افرادی قوت، خوراک، رہائش، صحت اور تعلیم پر حکومتی اخراجات میں اضافہ اور عوامی بنیادی ڈھانچے پر دباؤ شامل ہیں۔
رپورٹ کے مطابق اضافی افرادی قوت معاشی سرگرمیوں میں اضافہ کر سکتی ہے، تاہم اگر مقامی لیبر مارکیٹ نئے کارکنوں کو جذب کرنے کی صلاحیت نہ رکھتی ہو تو بے روزگاری میں اضافہ بھی ہو سکتا ہے۔ اسی طرح کم اوسط پیداواری صلاحیت کے باعث فی کس آمدن پر منفی اثر پڑنے کا خدشہ بھی موجود رہتا ہے۔
آئی ایم ایف نے کہا کہ مہاجرین کی خوراک، رہائش، علاج اور تعلیم پر اخراجات سے مجموعی طلب میں اضافہ ہو سکتا ہے، لیکن اگر بین الاقوامی امداد ان ضروریات کو پورا نہ کرے تو میزبان حکومتوں کے مالی وسائل پر دباؤ بڑھ جاتا ہے۔
رپورٹ میں اس بات پر بھی زور دیا گیا کہ طویل عرصے تک جاری رہنے والی نقل مکانی کی صورتحال میں صحت اور تعلیم کے بنیادی ڈھانچے پر سرمایہ کاری ضروری ہے، تاکہ میزبان آبادی کو دستیاب سہولتوں کا معیار متاثر نہ ہو۔
عالمی مالیاتی فنڈ نے یہ بھی نشاندہی کی کہ روزگار، جائیداد کی ملکیت اور بنیادی خدمات تک رسائی سے متعلق پابندیاں مہاجرین کی معاشی خودمختاری میں رکاوٹ بن سکتی ہیں۔ رپورٹ کے مطابق مناسب حالات میں مہاجرین کو لیبر مارکیٹ میں شامل کرنے سے سرکاری امداد پر انحصار کم اور درمیانی مدت میں مالی صورتحال بہتر ہو سکتی ہے۔
تاہم آئی ایم ایف نے واضح کیا کہ اس جائزے میں مہاجرین کی آبادی اور مالی معاونت سے متعلق اعداد و شمار کی کمی جیسے مسائل موجود ہیں۔ پاکستان کے لیے تجزیہ 2022 سے شروع ہونے والی مہاجرین کی آمد اور مجموعی طور پر 2023 کے اختتام تک دستیاب معلومات پر مبنی ہے، اس لیے نتائج کو اسی مدت اور تحقیق میں استعمال کیے گئے مفروضوں کے تناظر میں دیکھا جانا چاہیے۔