تازہ ترین

بلوچستان اسمبلی کی قراردادوں پر عملدرآمد نہ ہونا افسوسناک ہے، زمرک اچکزئی

0

کوئٹہ: عوامی نیشنل پارٹی کے پارلیمانی لیڈر اور سابق صوبائی وزیر انجینئر زمرک خان اچکزئی نے کہا ہے کہ بلوچستان اسمبلی میں منظور ہونے والی قراردادوں پر عملدرآمد نہیں کیا جاتا، تاہم صحافیوں کے مسائل کے حل اور میڈیا اداروں کی بندش کے خلاف آواز کو ایوانِ بالا اور ایوانِ زیریں سمیت ہر فورم تک پہنچایا جائے گا۔

انہوں نے ان خیالات کا اظہار کوئٹہ پریس کلب کے سامنے پاکستان فیڈرل یونین آف جرنلسٹس کی کال پر بلوچستان یونین آف جرنلسٹس اور کوئٹہ پریس کلب کے زیر اہتمام دو روزہ احتجاجی کیمپ کے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

انجینئر زمرک خان اچکزئی نے کہا کہ بلوچستان میں نیوز چینلز اور میڈیا دفاتر کی بندش، 122 کارکنوں کو فارغ کرنے اور ملازمین کو حکومت کے مقرر کردہ معاوضوں کی عدم ادائیگی کے خلاف بلوچستان اسمبلی میں قرارداد منظور کی گئی ہے، لیکن اس پر عملدرآمد نہیں ہو رہا۔ انہوں نے کہا کہ صحافیوں کے مسائل کے حل کے لیے اس قرارداد کو مؤثر بنانے کی خاطر پارلیمان کے دونوں ایوانوں اور دیگر فورمز پر آواز اٹھائی جائے گی۔

انہوں نے کہا کہ میڈیا ریاست کا چوتھا ستون ہے، مگر بلوچستان میں صحافت کو بھی مشکلات کا سامنا ہے۔ صحافیوں نے اپنی ذمہ داریاں نبھاتے ہوئے جانوں کی قربانیاں دی ہیں۔ اگر بلوچستان کی آواز حکام تک پہنچانے والے صحافتی اداروں کو ہی دبایا جائے گا تو صوبے کے عوام کے مسائل اور ان کی آواز کون ارباب اختیار اور دنیا تک پہنچائے گا؟

اے این پی رہنما کا کہنا تھا کہ چینل مالکان بلوچستان سے آمدن حاصل کرتے ہیں، اس لیے انہیں چاہیے کہ اپنے کارکنوں کے ساتھ ناانصافی نہ کریں۔ ملازمین کو اچانک بے روزگار کرنا اور ان سے روزگار چھیننا ان کے معاشی قتل کے مترادف ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ بلوچستان کے ساحل و وسائل اور عوام کے حقیقی مسائل کو میڈیا میں مناسب جگہ نہیں دی جاتی، جبکہ دیگر صوبوں کے غیر اہم معاملات کو نمایاں کیا جاتا ہے۔ ان کے بقول بلوچستان اور یہاں کے عوام کا منفی تاثر پیش کرنا حقیقت کی درست عکاسی نہیں کرتا۔

انجینئر زمرک خان اچکزئی نے کہا کہ عوامی نیشنل پارٹی صحافیوں کی ہر تحریک اور جدوجہد میں ان کے ساتھ ہے اور آئندہ بھی ان کا ساتھ دیتی رہے گی۔ انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ وہ اپنے ساتھیوں کے ساتھ مل کر صحافیوں کے مطالبات کو سینیٹ اور قومی اسمبلی میں بھی اٹھائیں گے تاکہ ان کی آواز وفاقی سطح پر مؤثر انداز میں پہنچائی جا سکے۔

احتجاجی کیمپ میں بلوچستان نیشنل پارٹی کے مرکزی و صوبائی رہنماؤں اور سابق اراکین اسمبلی ملک نصیر احمد شاہوانی، ثناء اللہ بلوچ، احمد نواز بلوچ، حاجی عبدالباسط لہڑی، میر اختر حسین لانگو، راحب بلیدی ایڈووکیٹ، حاجی شفاء مینگل، سید عبدالقیوم آغا، نصر اللہ بلوچ، میر احمد راسکوہ وال، عبدالنبی سمالانی، خیر محمد شاہین اور عید محمد سمیت دیگر سیاسی و سماجی شخصیات نے شرکت کی۔ اس موقع پر نیوز پیپرز ایسوسی ایشن کے شکیل احمد، سردار جسپیر سنگھ، میر بہرام لہڑی، وحدت مسلمین کے علامہ ہاشم موسوی، علامہ ولایت حسین جعفری، نظام کرد، عابد بٹ اور ڈاکٹر عبدالحنان بھی موجود تھے۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.