پاکستان سپر لیگ کے شائقین کے لیے بڑی خبر سامنے آ گئی ہے، آئندہ سال ہونے والے پی ایس ایل کے بارہویں ایڈیشن کی افتتاحی تقریب اور پہلا میچ پشاور میں منعقد کیا جائے گا، جبکہ شہر میں ٹورنامنٹ کے متعدد مقابلے بھی ہوں گے۔
پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین محسن نقوی نے پشاور میں خیبرپختونخوا کے گورنر فیصل کریم کنڈی کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے اعلان کیا کہ 12 سال بعد پی ایس ایل کی افتتاحی تقریب اور پہلا میچ پشاور میں ہوگا۔ انہوں نے اس پیش رفت پر گورنر اور پشاور زلمی کو مبارکباد بھی دی۔
محسن نقوی کے مطابق پشاور میں مزید میچز بھی منعقد کیے جائیں گے، جن کا شیڈول پی ایس ایل انتظامیہ بعد میں حتمی شکل دے گی۔ پی ایس ایل کا بارہواں ایڈیشن 18 مارچ سے 2 مئی 2027 تک کھیلا جائے گا۔
پی سی بی کے مطابق پشاور کے شائقین لیگ کے آغاز سے ہی اپنی ٹیم اور ٹورنامنٹ سے وابستہ رہے ہیں، تاہم انہیں اب تک اپنے شہر میں پی ایس ایل میچ دیکھنے کا موقع نہیں ملا تھا۔ نئے ایڈیشن میں پشاور کو چھٹے وینیو کے طور پر شامل کیا جائے گا۔
پی ایس ایل کے چیف ایگزیکٹو سلمان نصیر نے کہا کہ پشاور کے عوام کی کرکٹ سے محبت غیر معمولی ہے اور بارہویں ایڈیشن انہیں اپنے شہر میں عالمی معیار کے ٹی ٹوئنٹی مقابلے دیکھنے کا موقع فراہم کرے گا۔
محسن نقوی نے کہا کہ پشاور زلمی کے مالک جاوید آفریدی بھی طویل عرصے سے شہر میں لیگ کے انعقاد کے خواہش مند تھے۔ انہوں نے صوبے میں امن و امان کی صورتحال میں بہتری کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ خیبرپختونخوا میں کرکٹ کی بحالی کے لیے مشترکہ کوششوں سے آنے والے مہینوں میں مثبت نتائج حاصل کیے جا سکتے ہیں۔
چیئرمین پی سی بی نے انڈر 19 ٹیم، پاکستان شاہینز اور قومی ٹیم کے درمیان ایک ہفتے پر مشتمل کرکٹ ٹورنامنٹ کرانے کا اعلان بھی کیا۔ قبائلی اضلاع کے لیے کرکٹ اکیڈمی قائم کرنے کا منصوبہ بھی زیر غور ہے، جس کے مقام اور تعمیراتی مدت کو آئندہ دو ہفتوں میں حتمی شکل دی جائے گی۔
دوسری جانب گورنر فیصل کریم کنڈی نے ارباب نیاز اسٹیڈیم کا پرانا نام بحال کرنے کا اعلان کیا۔ انہوں نے کہا کہ اسٹیڈیم کا نام تبدیل کرنا پشاور کے عوام کے ساتھ ناانصافی تھی اور اس کا نام چند روز میں دوبارہ ارباب نیاز اسٹیڈیم رکھ دیا جائے گا۔
واضح رہے کہ فروری 2025 میں خیبرپختونخوا کی سابق حکومت نے اسٹیڈیم کا نام تبدیل کرکے عمران خان اسٹیڈیم رکھا تھا۔ گورنر کے مطابق اسٹیڈیم 1980 کی دہائی میں سابق وفاقی وزیر کھیل ارباب نیاز نے تعمیر کروایا تھا۔