نئے صوبوں کے قیام سے متعلق جاری سیاسی بحث پر وزیراعظم کے مشیر برائے سیاسی امور سینیٹر رانا ثناء اللہ نے وزیر داخلہ محسن نقوی کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا ہے کہ انہوں نے اس معاملے کو غلط انداز میں آگے بڑھا کر متنازع بنا دیا ہے۔
اسلام آباد میں گفتگو کرتے ہوئے رانا ثناء اللہ نے کہا کہ محسن نقوی ان پر تبصرہ کر سکتے ہیں، تاہم وہ کسی کی دھمکیوں سے ڈرنے والے نہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ انہوں نے کبھی محسن نقوی کی ذات کو تنقید کا نشانہ نہیں بنایا، البتہ ان کے بعض بیانات اور اقدامات سے اختلاف ضرور کیا ہے۔
وزیراعظم کے مشیر نے کہا کہ وہ محسن نقوی کو ہمیشہ وزیر داخلہ کہہ کر مخاطب کرتے رہے ہیں اور کبھی چیئرمین پی سی بی کے طور پر مخاطب نہیں کیا۔ ان کے مطابق ہر وزیر کو اپنی رائے رکھنے کا حق حاصل ہے اور انہیں بھی اپنے مؤقف کے اظہار کا حق ہے۔
رانا ثناء اللہ نے واضح کیا کہ نئے صوبوں کے قیام کا فیصلہ پارلیمنٹ میں ہوگا۔ انہوں نے سوال اٹھایا کہ محسن نقوی اب تک صدر آصف علی زرداری اور پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کو اس معاملے پر اعتماد میں کیوں نہیں لے سکے؟
ان کا کہنا تھا کہ صدر زرداری اور بلاول بھٹو یہ کہہ رہے ہیں کہ ان سے کسی نے اس معاملے پر بات نہیں کی، تو پھر گزشتہ چار ماہ سے محسن نقوی کیا کر رہے تھے؟
رانا ثناء اللہ نے مزید کہا کہ محسن نقوی خود اس بحث کو آگے لے کر گئے ہیں، اس لیے اب انہیں اس کی ذمہ داری بھی قبول کرنی چاہیے۔ ان کے مطابق غیر متعلقہ باتوں کے باعث معاملہ مزید الجھ گیا ہے اور اب یہ تنازع پارلیمنٹ میں زیر بحث آئے گا۔