تازہ ترین

اے ڈی بی وینچرز کی پاکستانی کمپنی نیم میں سرمایہ کاری، ڈیجیٹل ادائیگیوں کے فروغ میں اہم پیش رفت

0

اسلام آباد: پاکستان میں کاروباری ادائیگیوں کے نظام کو ڈیجیٹل بنانے کی کوششوں کو تقویت مل گئی ہے، جہاں پاکستانی فن ٹیک کمپنی ’نیم‘ نے ایشیائی ترقیاتی بینک کے وینچر کیپیٹل ادارے اے ڈی بی وینچرز سے ابتدائی سرمایہ کاری حاصل کر لی ہے۔

اس سرمایہ کاری کا مقصد کمپنی کی مصنوعات کو مزید بہتر بنانا، ٹیم میں توسیع اور پاکستان بھر میں بڑے کاروباری اداروں اور تاجروں کو اپنے پلیٹ فارم سے منسلک کرنے کے عمل کو تیز کرنا ہے۔

ایشیائی ترقیاتی بینک کے جاری کردہ بیان کے مطابق پاکستان نے صارفین کی ڈیجیٹل ادائیگیوں کے شعبے میں نمایاں پیش رفت کی ہے۔ اسٹیٹ بینک کے فوری ادائیگیوں کے نظام ’راست‘ اور موبائل والٹس کے ذریعے لاکھوں افراد ڈیجیٹل مالیاتی نظام سے منسلک ہو چکے ہیں، تاہم کاروباری ادائیگیوں میں یہ رفتار برقرار نہیں رہ سکی۔

اسٹیٹ بینک آف پاکستان کے اندازے کے مطابق خوردہ لین دین کی مجموعی مالیت کا تقریباً 71 فیصد اب بھی نقد رقم کے ذریعے ادا کیا جاتا ہے۔ ڈیجیٹل نظام اپنانے کے خواہش مند کاروباری اداروں کو مختلف بینکوں، موبائل والٹس، تنخواہوں کی ادائیگی کے فراہم کنندگان اور مالیاتی ریکارڈ کی مطابقت کے نظام سے الگ الگ رابطہ کرنا پڑتا ہے، جس سے یہ عمل وقت طلب، مہنگا اور پیچیدہ ہو جاتا ہے۔

کمپنی ’نیم‘ کا مقصد کاروباری اداروں کو ایک ہی پلیٹ فارم فراہم کرنا ہے، جہاں وہ رقوم کی وصولی، ان کا ریکارڈ رکھنے اور ادائیگیوں کا انتظام کر سکیں۔ اس کا جدید ٹیکنالوجی پر مبنی نظام رقوم کی وصولی، ادائیگیوں، ڈیجیٹل لیجر اور مالیاتی امور کے انتظام کو یکجا کرتا ہے، جبکہ کاروباری اداروں کے موجودہ نظام سے منسلک ہو کر ادائیگیوں اور مالیاتی ریکارڈ کی خودکار مطابقت میں بھی مدد دیتا ہے۔

کمپنی کے مطابق اس وقت لاجسٹکس، یوٹیلٹیز، انشورنس، مینوفیکچرنگ اور ریٹیل سمیت مختلف شعبوں کے 70 سے زائد بڑے کاروباری ادارے اس کی خدمات حاصل کر رہے ہیں۔

پاکستان میں ایشیائی ترقیاتی بینک کی کنٹری ڈائریکٹر ایما فین نے کہا کہ پاکستان ڈیجیٹل ادائیگیوں کے لیے مضبوط بنیاد قائم کر رہا ہے اور اگلا مرحلہ یہ یقینی بنانا ہے کہ ہر حجم کے کاروباری ادارے اس پیش رفت سے بھرپور فائدہ اٹھا سکیں۔ ان کے مطابق نیم کاروباری اداروں کو نقد لین دین اور منتشر نظام سے نکال کر تیز، شفاف اور آسان ادائیگیوں کی جانب منتقل کرنے میں مدد دے رہی ہے۔

بیان کے مطابق اس پیش رفت کے اثرات صرف بڑے کاروباری اداروں تک محدود نہیں رہیں گے بلکہ ان کے سپلائرز، چھوٹے تاجر اور عارضی یا جزوقتی کام کرنے والے افراد بھی ڈیجیٹل مالیاتی نظام کا حصہ بن سکیں گے۔ کمپنی کی خدمات خواتین کی ملکیت والے کاروباروں اور چھوٹے کاروباری افراد کی ضروریات کو بھی مدنظر رکھتی ہیں تاکہ جدید مالیاتی سہولتوں تک رسائی صرف بڑے اداروں تک محدود نہ رہے۔

نیم اپنے قرضہ جاتی پورٹ فولیو کے تحت ملازمین کو پہلے سے کمائی گئی تنخواہ تک ذمہ دارانہ رسائی کی سہولت بھی فراہم کرتی ہے۔ یہ سہولت خاص طور پر ان صنعتوں میں کام کرنے والے محنت کشوں کے لیے تیار کی گئی ہے جہاں بڑی تعداد میں کارکن ملازمت کرتے ہیں، تاکہ انہیں غیر رسمی قرضوں پر انحصار کم کرنے میں مدد مل سکے۔

اے ڈی بی وینچرز ابتدائی مرحلے کی ایسی ٹیکنالوجی کمپنیوں میں سرمایہ کاری کرتا ہے جو ایشیا اور بحرالکاہل کے خطے کے اہم مسائل کے حل کے لیے کام کر رہی ہیں۔ اس کے ترجیحی شعبوں میں مالیاتی ٹیکنالوجی، زرعی ٹیکنالوجی، موسمیاتی تبدیلیوں کے اثرات سے نمٹنے اور جامع ترقی کے منصوبے شامل ہیں۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.