تازہ ترین

مولانا فضل الرحمٰن کی سکیورٹی واپس لینے پر بلوچستان اسمبلی میں اپوزیشن کا واک آؤٹ

0

کوئٹہ: جمعیت علمائے اسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمٰن کو فراہم کردہ سکیورٹی واپس لینے کے خلاف بلوچستان اسمبلی میں اپوزیشن ارکان نے واک آؤٹ کیا، تاہم صوبائی وزرا کی یقین دہانی اور مداخلت کے بعد احتجاج ختم کرکے ارکان ایوان میں واپس آگئے۔

پیر کو اسمبلی اجلاس پینل آف چیئرمین کے رکن ڈاکٹر اشوک کمار کی صدارت میں شروع ہوا۔ اجلاس کے آغاز پر جے یو آئی کے رکن اسمبلی زاہد ریکی نے پوائنٹ آف آرڈر پر مولانا فضل الرحمٰن کی سکیورٹی واپس لیے جانے کا معاملہ اٹھایا۔

انہوں نے کہا کہ مولانا فضل الرحمٰن پہلے ہی قاتلانہ حملوں کے دو واقعات میں محفوظ رہے ہیں۔ اس فیصلے کی مذمت کرتے ہوئے زاہد ریکی نے خبردار کیا کہ اگر ان کے قائد کو کوئی نقصان پہنچا تو وزیراعظم شہباز شریف کو ذمہ دار ٹھہرایا جائے گا۔ اس کے بعد انہوں نے ایوان سے واک آؤٹ کیا۔

نیشنل پارٹی کے سربراہ ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ نے بھی صورت حال پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے اسے افسوسناک قرار دیا اور اپنی جماعت کے ارکان کے ہمراہ واک آؤٹ کا اعلان کیا۔

صوبائی وزیر داخلہ ضیاء اللہ لانگو نے کہا کہ انہیں مولانا فضل الرحمٰن کی سکیورٹی واپس لینے کی تفصیلات کا علم نہیں، تاہم وہ ایک تجربہ کار اور معاملہ فہم سیاست دان ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ملک ایک مشکل دور سے گزر رہا ہے اور سکیورٹی ادارے عوام کے تحفظ کے لیے قربانیاں دے رہے ہیں۔ ان کے مطابق قومی سلامتی کے لیے قربانیاں دینے والے اداروں کے خلاف بیانات دینا مناسب نہیں۔

صوبائی وزیر نور محمد دمڑ نے بھی سکیورٹی فورسز کی قربانیوں کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ سیاسی رہنما خواہ کتنے ہی بااثر کیوں نہ ہوں، سکیورٹی اداروں کے خلاف بیانات دینا درست نہیں۔ صوبائی وزرا کی یقین دہانی کے بعد احتجاج کرنے والے ارکان اسمبلی میں واپس آگئے۔

اجلاس کے دوران صوبائی وزیر بخت محمد کاکڑ نے بلوچستان فشریز اینڈ ایکوا کلچر بل پیش کیا، جسے متعلقہ قائمہ کمیٹی پہلے ہی منظور کر چکی تھی۔ ایوان نے بل کی منظوری دے دی۔

اسی طرح پارلیمانی سیکریٹری ولی محمد نورزئی نے بلوچستان نان فارمل ایجوکیشن بل پیش کیا، جسے بھی اسمبلی نے منظور کر لیا۔ بعد ازاں اجلاس 8 دسمبر کو سہ پہر 3 بجے تک ملتوی کر دیا گیا۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.