تازہ ترین

عمران خان کی جان و صحت کے تحفظ کے لیے اپوزیشن رہنماؤں کا چیف جسٹس صاحبان کو خط

0

اسلام آباد: سابق وزیراعظم عمران خان کی صحت، سلامتی اور بنیادی حقوق کے تحفظ کا معاملہ عدالتوں تک پہنچ گیا ہے، اپوزیشن رہنماؤں محمود خان اچکزئی اور علامہ راجہ ناصر عباس نے عمران خان کے خط کے بعد سپریم کورٹ، وفاقی آئینی عدالت اور اسلام آباد ہائی کورٹ کے چیف جسٹس صاحبان سے مداخلت کی اپیل کر دی ہے۔

دونوں رہنماؤں نے چیف جسٹس پاکستان یحییٰ آفریدی، چیف جسٹس وفاقی آئینی عدالت امین الدین خان اور چیف جسٹس اسلام آباد ہائی کورٹ سردار سرفراز ڈوگر کو خط لکھا ہے، جس میں ریاستی تحویل میں موجود سابق وزیراعظم عمران خان اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کی جان، صحت اور بنیادی حقوق کے تحفظ کا مطالبہ کیا گیا ہے۔

خط میں کہا گیا ہے کہ اگر ریاستی تحویل کے دوران عمران خان یا بشریٰ عمران خان کو کوئی نقصان پہنچتا ہے تو اس کی ذمہ داری ریاست پر عائد ہوگی، تاہم تاریخ یہ سوال بھی کرے گی کہ جب پارلیمان کے دونوں ایوانوں کے منتخب نمائندوں نے واضح طور پر کسی کی زندگی کو لاحق خطرے سے آگاہ کیا تو عدالتوں نے کیا کردار ادا کیا۔

خط کی نقول قومی اسمبلی کے اسپیکر، چیئرمین سینیٹ، اٹارنی جنرل پاکستان اور اڈیالہ جیل کے حکام کو بھی ارسال کی گئی ہیں۔

اپوزیشن رہنماؤں کا مؤقف ہے کہ جب انتظامیہ آئین اور عدالتی احکامات کو نظر انداز کرے تو چیف جسٹس صاحبان کے سامنے معاملہ پیش کرنا ان کی آئینی ذمہ داری بن جاتی ہے۔ انہوں نے عمران خان کی ریاستی تحویل میں زندگی کو خطرات لاحق ہونے پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے الزام عائد کیا کہ سپریم کورٹ کے 18 اگست کے اس حکم پر عملدرآمد نہیں کیا گیا جس میں انہیں نجی اسپتال منتقل کرنے سے متعلق ہدایت دی گئی تھی۔

یاد رہے کہ وفاقی آئینی عدالت نے اس معاملے کا ریکارڈ سپریم کورٹ سے طلب کیا تھا، تاہم جسٹس شاہد وحید کی سربراہی میں تین رکنی بینچ نے وفاقی آئینی عدالت کے حکم پر سوالات اٹھاتے ہوئے سماعت تین ہفتوں کے لیے ملتوی کر دی تھی۔

خط میں کہا گیا ہے کہ عدالتی حکم کے باوجود سپریم کورٹ کے دفتر نے تاحال کیس سماعت کے لیے مقرر نہیں کیا، جبکہ وفاقی آئینی عدالت کی جانب سے بھی اس معاملے پر خاموشی اختیار کی گئی ہے۔

دونوں اپوزیشن رہنماؤں نے چیف جسٹس یحییٰ آفریدی اور چیف جسٹس امین الدین خان کو یاد دلایا کہ وہ اس بینچ کا حصہ رہ چکے ہیں جس نے سابق وزیراعظم ذوالفقار علی بھٹو کے قتل کے مقدمے کے ٹرائل کو بنیادی حقوق اور شفاف قانونی کارروائی کے تقاضوں کے مطابق نہ ہونے کا قرار دیا تھا۔

سابق قانونی عہدیدار طارق محمود کھوکھر نے اس صورت حال کو زندگی کے لیے خطرناک ہنگامی معاملہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ طبی ہنگامی صورت حال میں سماعت ملتوی نہیں کی جا سکتی، لیکن عمران خان کے طبی علاج کے معاملے میں عدالتی کارروائی تاخیر کا شکار ہے۔ ان کے بقول یہ محض طریقہ کار کی تاخیر نہیں بلکہ دانستہ تاخیر ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ انتظامیہ اور مرکزی دھارے کا میڈیا اس صورت حال کو تسلیم کرنے سے گریزاں ہے، جبکہ بااختیار حلقے اپنی انسانی، اسلامی، آئینی، قانونی اور اخلاقی ذمہ داریوں سے لاتعلق دکھائی دیتے ہیں۔

طارق محمود کھوکھر کے مطابق پاکستان ریاستی تحویل میں موجود افراد کی صحت کے تحفظ سے متعلق بین الاقوامی قانون، بشمول شہری و سیاسی حقوق کے بین الاقوامی معاہدے (ICCPR) اور اقوام متحدہ کے نیلسن منڈیلا قواعد کی خلاف ورزی کر رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان میں انصاف کی ناکامی کے واقعات غیر معمولی نہیں رہے، عالمی کمیشن آف جیورسٹس (ICJ) بھی ملک میں عدلیہ کی کم ہوتی آزادی کا نوٹس لے چکا ہے، لیکن ان کے بقول عالمی سطح پر تشویش کے باوجود ملک میں اس صورت حال پر خاطر خواہ ردعمل سامنے نہیں آ رہا۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.