تازہ ترین

سری لنکا کے خلاف نئے کھلاڑیوں کی کارکردگی دیکھ کر خوشی ہوئی، مائیک ہیسن

0

پاکستان کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ مائیک ہیسن نے کہا ہے کہ تجربہ کار سری لنکن ٹیم کے خلاف نئے کھلاڑیوں کی کارکردگی دیکھ کر انہیں خوشی ہوئی، نوجوان کھلاڑیوں نے سیریز میں میچ جتوانے والی پرفارمنس دکھائی۔

پیر کو پی سی بی پوڈکاسٹ کے پروگرام ’اسٹریٹ ڈرائیو‘ میں گفتگو کرتے ہوئے مائیک ہیسن نے کہا کہ ٹیم کے سینئر کھلاڑیوں نے بھی نئے کھلاڑیوں کی ترقی میں اہم کردار ادا کیا۔

انہوں نے کہا کہ آئندہ ہوم سیریز میں ایسی پچز پر کھیلنے کی کوشش کی جائے گی جو بیرون ملک کنڈیشنز کی تیاری میں مددگار ثابت ہوں۔ ان کے مطابق جنوبی افریقہ، انگلینڈ، نیوزی لینڈ اور آسٹریلیا میں سیم اور سوئنگ والی پچز ملتی ہیں۔

مائیک ہیسن نے کہا کہ دوسرے ٹیسٹ کی دوسری اننگز میں ثاقب خان کی کمی محسوس ہوئی۔ ان کے مطابق ثاقب خان ٹیسٹ باؤلنگ اٹیک میں ایک اچھا اضافہ ہیں، تاہم ان کی عدم موجودگی میں باقی باؤلرز نے سری لنکا کو آؤٹ کرکے قابلِ فخر کارکردگی دکھائی۔

انہوں نے رضا اللہ کی رفتار، عامر جمال کی سیم موومنٹ، عباس کی درست لائن و لینتھ اور ثاقب خان کی سوئنگ کو ٹیم کے باؤلنگ اٹیک کی اہم خصوصیات قرار دیا۔

ہیڈ کوچ نے کہا کہ پہلے ٹیسٹ میں ٹاس ہارنے کے بعد بیٹنگ کرتے ہوئے طیب عارف اور طحہٰ نے نئی گیند کا اچھا سامنا کیا، جبکہ دوسرے ٹیسٹ میں اذان اویس نے بھی عمدہ بیٹنگ کی۔ انہوں نے سلمان علی آغا کو ٹیم کا اہم کھلاڑی قرار دیا۔

مائیک ہیسن نے محمد سلیمان، سعد بیگ، سمیر منہاس اور علی شبیر کو باصلاحیت نوجوان کھلاڑی قرار دیتے ہوئے کہا کہ علی شبیر تیز رفتار باؤلر ہیں اور ریورس سوئنگ بھی کر سکتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ اس وقت ٹیم کے پاس اچھے آپشنز موجود ہیں اور ضرورت پڑنے پر ابرار احمد اور علی عثمان کو بھی ٹیسٹ ٹیم میں شامل کیا جا سکتا ہے۔ ان کے مطابق ساجد خان بھی اچھے اسپنر ہیں اور بائیں ہاتھ کے بلے بازوں کے خلاف مؤثر باؤلنگ کرتے ہیں۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.