تازہ ترین

خیبر پختونخوا میں سی ٹی ڈی آپریشن، فائرنگ کے تبادلے میں 5 دہشت گرد ہلاک

0

پشاور: خیبر پختونخوا کے علاقے بڈابیر میں کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ کے انٹیلیجنس بیسڈ آپریشن کے دوران فائرنگ کے تبادلے میں پانچ دہشت گرد ہلاک ہوگئے، جبکہ کالعدم تحریک طالبان پاکستان کا کمانڈر تاج محمد عرف شینے اپنے دو سے تین ساتھیوں سمیت فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا۔

سی ٹی ڈی خیبر پختونخوا کے مطابق 23 نومبر 2026 کو پشاور ریجن کی ٹیموں نے جانے خوڑ میرہ باچا خیل، تھانہ بڈابیر کی حدود میں کارروائی کی۔ اطلاع موصول ہوئی تھی کہ ٹی ٹی پی کمانڈر تاج محمد عرف شینے ولد الماس، ساکن تیراہ ضلع خیبر، اپنے مسلح ساتھیوں کے ہمراہ وہاں موجود ہے اور قانون نافذ کرنے والے اداروں پر حملے کی منصوبہ بندی کر رہا ہے۔

حکام کے مطابق اطلاع ملنے پر سی ٹی ڈی کی ٹیمیں جدید اسلحے سے لیس ہو کر موقع پر پہنچیں اور دہشت گردوں کی گرفتاری کے لیے پوزیشنیں سنبھالیں۔ اہلکاروں کو دیکھتے ہی ملزمان نے فائرنگ شروع کر دی، جس کے جواب میں سی ٹی ڈی اہلکاروں نے کارروائی کی۔ فائرنگ کا تبادلہ تقریباً 20 سے 25 منٹ تک جاری رہا۔

سی ٹی ڈی کے مطابق سرچ آپریشن کے دوران پانچ دہشت گردوں کی لاشیں ملیں، جن کی شناخت کا عمل جاری ہے۔ کارروائی کے دوران تین کلاشنکوفیں، دو پستول، ایک دستی بم، چھ میگزین اور متعدد کارتوس بھی برآمد کیے گئے۔

حکام کا کہنا ہے کہ فرار ہونے والے ملزمان کی گرفتاری کے لیے علاقے میں سرچ آپریشن جاری ہے۔ آئی جی پولیس خیبر پختونخوا ذوالفقار حمید اور ایڈیشنل آئی جی سی ٹی ڈی نے کارروائی میں حصہ لینے والے اہلکاروں کو سراہا اور دہشت گردی کے خاتمے تک کارروائیاں جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.