لاہور: ملک کی موجودہ سیاسی صورتحال اور صوبوں میں ریفرنڈم کے معاملے پر متحدہ اپوزیشن جماعتوں کا اہم اجلاس لاہور میں منعقد ہوا، جس کی صدارت تحریک تحفظ آئین پاکستان کے چیئرمین اور اپوزیشن لیڈر محمود خان اچکزئی نے کی۔
اجلاس میں ملکی سیاسی حالات کے علاوہ صوبوں میں ریفرنڈم سمیت مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا گیا، تاہم اجلاس کے اختتام پر تاحال کوئی باضابطہ اعلامیہ جاری نہیں کیا گیا۔
اجلاس میں قائد حزب اختلاف سینیٹ علامہ راجہ ناصر عباس، پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی سینئر رہنما اور سابق اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر، پی ٹی آئی کے سیکریٹری جنرل سلمان اکرم راجا ایڈووکیٹ اور بلوچستان نیشنل پارٹی کے مرکزی سینئر نائب صدر ساجد ترین ایڈووکیٹ شریک ہوئے۔
اس موقع پر تحریک تحفظ آئین پاکستان کے ترجمان اخونزادہ حسین احمد، عمار خان جان، سابق گورنر زبیر عمر، صاحبزادہ حسن رضا اور ریاض خان سمیت دیگر رہنما بھی موجود تھے۔