سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر غلط معلومات، منفی پروپیگنڈے اور مخصوص بیانیوں کے فروغ کا معاملہ اہمیت اختیار کر گیا ہے۔ وفاقی وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑ نے خبردار کیا ہے کہ سوشل میڈیا الگورتھمز کو جھوٹے بیانیے کے پھیلاؤ کے لیے استعمال کیا جا سکتا ہے، جو قومی سلامتی کے لیے نقصان دہ ثابت ہو سکتا ہے۔
ایس ڈی پی آئی کے زیر اہتمام ’سوشل میڈیا پلیٹ فارمز، پوسٹ ٹروتھ ایرا‘ کے عنوان سے منعقدہ سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے عطا اللہ تارڑ نے کہا کہ حکومت سوشل میڈیا کمپنیوں کے ساتھ بات چیت کے ذریعے قوانین اور پالیسیوں میں ہم آہنگی پیدا کرنے کے لیے تیار ہے۔
انہوں نے کہا کہ ٹک ٹاک، ایکس، انسٹاگرام اور فیس بک جیسے پلیٹ فارمز پر الگورتھمز کے ذریعے مخصوص بیانیے کو فروغ دینے کے خدشات موجود ہیں، جن سے نمٹنے کے لیے مربوط اور مؤثر حکمت عملی اپنانا ضروری ہے۔
وفاقی وزیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ آئین پاکستان آزادی اظہار کی ضمانت دیتا ہے، تاہم اس حق کے استعمال کے لیے کچھ حدود بھی مقرر ہیں۔ سوشل میڈیا پلیٹ فارمز کو آئینی حدود اور ملکی قوانین کا احترام کرنا چاہیے۔
انہوں نے سوشل میڈیا کمپنیوں کے ساتھ مشترکہ ورکنگ گروپ تشکیل دینے کی تجویز دیتے ہوئے کہا کہ قوانین اور پالیسیوں میں ہم آہنگی کے لیے اسلام آباد اعلامیہ جاری کیا جا سکتا ہے۔ ان کے مطابق سوشل میڈیا کمپنیوں کی پالیسیوں اور پاکستان کے مقامی قوانین میں مطابقت پیدا کرنا ضروری ہے۔
سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے سندھ کے وزیر اطلاعات شرجیل انعام میمن نے 16 سال سے کم عمر بچوں کے سوشل میڈیا استعمال پر پابندی کی تجویز پیش کی۔ انہوں نے سوشل میڈیا کے غلط استعمال، جھوٹی خبروں اور منفی پروپیگنڈے کی روک تھام کے لیے قوانین مزید سخت کرنے پر بھی زور دیا۔
شرجیل میمن نے کہا کہ وہ آزادی اظہار کے مخالف نہیں بلکہ حامی ہیں، تاہم اس حق کے نام پر کسی کی زندگی اور ساکھ کو نقصان پہنچانے کی اجازت نہیں دی جا سکتی۔ ان کا کہنا تھا کہ سوشل میڈیا کے مثبت اور منفی دونوں پہلوؤں کو سمجھنا ضروری ہے اور اس کے غلط استعمال کی روک تھام صرف حکومت نہیں بلکہ پورے معاشرے کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔
انہوں نے بتایا کہ کراچی میں ایک بچے کے قتل کے واقعے کے بعد بعض سیاسی کارکنوں نے ایک گیسٹ ہاؤس سے متعلق جھوٹی خبریں پھیلائیں، جس پر انہوں نے خود ایف آئی اے میں شکایت درج کرائی تھی۔
صوبائی وزیر اطلاعات نے کہا کہ دہشت گرد تنظیمیں بھی نوجوانوں کو ورغلانے اور اپنے مقاصد کے لیے استعمال کرنے کی غرض سے سوشل میڈیا کا سہارا لے رہی ہیں۔ ان کے مطابق غلط معلومات پھیلانے والے اکاؤنٹس کے خلاف کارروائی ہونی چاہیے اور مسلسل جھوٹا مواد پھیلانے والے اکاؤنٹس بند کرنے کا اختیار حکومت کے پاس ہونا چاہیے۔
سیمینار سے ایشیا ون نیوز کی رپورٹر تانیہ فرانسیس نے بھی خطاب کیا۔ انہوں نے کہا کہ سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر قانونی شکایات کے ازالے کے لیے واضح، شفاف اور مؤثر نظام ہونا چاہیے۔
تانیہ فرانسیس کے مطابق شکایات درج کرانے اور قانونی کارروائی کا طریقہ کار صارفین کی اپنی زبان میں دستیاب ہونا ضروری ہے، جبکہ متعلقہ حکام کو درخواستوں کے لیے تیز رفتار نظام فراہم کرنا چاہیے۔ انہوں نے صارفین کو اپنے خلاف کیے گئے فیصلوں پر اپیل کا بامعنی حق دینے اور آن لائن دھمکیوں یا صحافیوں کے جائز مواد کو ہٹائے جانے کی صورت میں مؤثر داد رسی یقینی بنانے پر بھی زور دیا۔
انہوں نے مزید کہا کہ سوشل میڈیا کمپنیوں کو شکایات کے جائزے اور فیصلوں میں لگنے والے وقت کی تفصیلات بھی عام کرنی چاہییں۔