تازہ ترین

ایران کی 7 شرائط پوری ہونے تک امریکا سے مذاکرات نہیں ہوں گے، محمد باقر قالیباف

0

ایران نے امریکا کے ساتھ مذاکرات کے معاملے پر اپنا مؤقف واضح کرتے ہوئے کہا ہے کہ تہران اس وقت تک واشنگٹن کے ساتھ مذاکرات نہیں کرے گا جب تک اس کی مقرر کردہ سات شرائط پوری نہیں ہوتیں۔

ایرانی پارلیمنٹ کے اسپیکر محمد باقر قالیباف نے امریکی صدر اور وزیر خزانہ کے حالیہ بیانات، دھمکیوں اور معاشی دباؤ کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایران اپنے مؤقف پر قائم ہے اور اس میں کوئی تبدیلی نہیں آئے گی۔ انہوں نے خبردار کیا کہ کسی بھی اشتعال انگیزی کا فیصلہ کن جواب دیا جائے گا۔

منگل کو ایرانی پارلیمنٹ کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے محمد باقر قالیباف نے کہا کہ امریکا کے ساتھ مذاکرات کے حوالے سے ایران کا مؤقف واضح اور غیر متزلزل ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ جب تک ایران کی مقرر کردہ سات شرائط پوری نہیں ہوتیں، تہران مذاکرات کی میز پر نہیں بیٹھے گا۔

قالیباف نے ملک میں امن و امان کی بحالی کے لیے بسیج فورسز کے کردار کو بھی اہم قرار دیا اور کہا کہ موجودہ حالات میں عوام کی شرکت اور اجتماعی کوششیں مسائل کے حل میں مددگار ثابت ہو سکتی ہیں۔

انہوں نے گزشتہ پانچ دہائیوں کے تجربات کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ جب بھی عوام کسی سرگرمی میں بھرپور حصہ لیتے ہیں تو مسائل کے حل میں تیزی آتی ہے۔

ایرانی پارلیمنٹ کے اسپیکر نے جنگی صورت حال کا ذکر کرتے ہوئے حکام اور عوام پر زور دیا کہ وہ موجودہ حساس حالات میں اتحاد اور یکجہتی برقرار رکھیں تاکہ ایران کے خلاف دشمنوں کی سازشوں اور منصوبوں کو ناکام بنایا جا سکے۔

قالیباف کا یہ بیان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب تہران اور واشنگٹن کے درمیان کشیدگی برقرار ہے۔ انہوں نے مذاکرات کے لیے ایران کی سات شرائط پوری ہونے کو بنیادی شرط قرار دیا، تاہم اپنے خطاب میں ان شرائط کی تفصیلات بیان نہیں کیں۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.