عالمی اسنوکر کپ، پاکستانی کھلاڑیوں کی شاندار کارکردگی، چاروں ناک آؤٹ مرحلے میں شامل
مسقط: عالمی اسنوکر کپ میں پاکستان کے سابق عالمی چیمپئن محمد آصف نے بھارتی حریف کو شکست دے کر ناک آؤٹ مرحلے میں جگہ بنا لی، جبکہ ایونٹ میں شریک پاکستان کے دیگر تینوں کھلاڑی بھی اگلے مرحلے تک رسائی حاصل کرنے میں کامیاب ہوگئے۔
عمان میں جاری عالمی اسنوکر کپ کے دوسرے روز پاکستانی کھلاڑیوں نے عمدہ کھیل کا مظاہرہ کیا۔ محمد آصف، اسجد اقبال اور مبشر رضا نے اپنے دونوں میچز میں کامیابی حاصل کی۔
سابق عالمی چیمپئن محمد آصف نے پہلے بنگلہ دیش کے نظام الدین احمد کو شکست دی، جس کے بعد انہوں نے بھارتی کھلاڑی ملکیت سنگھ کو بھی 0-3 سے ہرا دیا۔
دوسری جانب پاکستانی کھلاڑی رانا عارف کو بھارتی حریف دھیتا مہرہ کے ہاتھوں شکست کا سامنا کرنا پڑا، تاہم وہ اس کے باوجود ناک آؤٹ مرحلے میں پہنچنے میں کامیاب ہوگئے۔