حکومت بلوچستان کا دہشتگردوں کی اطلاع دینے والوں کے لیے 25 کروڑ روپے تک انعامات کا اعلان
بلوچستان میں دہشتگردی کے خلاف کارروائیوں کو مؤثر بنانے اور انتہائی مطلوب افراد تک رسائی کے لیے صوبائی حکومت نے بھاری نقد انعامات کا اعلان کر دیا ہے۔ حکومت کی جانب سے مطلوب دہشتگردوں کے بارے میں مستند معلومات فراہم کرنے والوں کے لیے 5 کروڑ سے 25 کروڑ روپے تک انعام مقرر کیا گیا ہے۔
حکومت بلوچستان کے معاون خصوصی برائے میڈیا امور بابر یوسفزئی نے پریس کانفرنس کے دوران اس فیصلے کی تفصیلات سے آگاہ کیا۔ انہوں نے بتایا کہ سنگین جرائم میں ملوث اور ریاست کو مطلوب انتہائی خطرناک دہشتگردوں کے بارے میں مصدقہ معلومات فراہم کرنے والوں کو بھاری انعامات دیے جائیں گے۔
اعلان کے مطابق انتہائی مطلوب دہشتگرد رحمان گل کی موجودگی یا فرار سے متعلق مستند اطلاع دینے والے کے لیے 25 کروڑ روپے انعام مقرر کیا گیا ہے۔ اسی طرح بشیر زیب کے بارے میں اہم اور مصدقہ معلومات فراہم کرنے والے شخص کو بھی 25 کروڑ روپے انعام دیا جائے گا۔
سرکاری ذرائع کے مطابق فہرست میں شامل دیگر نامزد اور انتہائی مطلوب دہشتگردوں کے بارے میں معلومات فراہم کرنے والوں کے لیے بھی لاکھوں اور کروڑوں روپے کے انعامات رکھے گئے ہیں۔
صوبائی حکومت نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ قومی ذمہ داری کا مظاہرہ کرتے ہوئے تخریب کاروں اور دہشتگردوں کے بارے میں کسی بھی مصدقہ اطلاع سے متعلقہ قانون نافذ کرنے والے اداروں یا سیکیورٹی حکام کو فوری آگاہ کریں۔
حکام کے مطابق معلومات فراہم کرنے والے شہریوں کی شناخت مکمل طور پر خفیہ رکھی جائے گی تاکہ انہیں کسی بھی ممکنہ خطرے سے محفوظ رکھا جا سکے۔
صوبائی حکومت کا کہنا ہے کہ ان اقدامات کا مقصد دہشتگردی کے نیٹ ورک کو کمزور کرنا اور مفرور عناصر کو قانون کے کٹہرے میں لانے کی کوششوں کو مؤثر بنانا ہے۔