تازہ ترین

پاکستان شاہینز کی نیپال کے خلاف 96 رنز سے بڑی کامیابی

0

دوحہ: پاکستان شاہینز نے اے سی سی مینز ایشیا کپ رائزنگ اسٹارز چیمپئن شپ میں نیپال کو 96 رنز سے شکست دے کر گروپ بی میں پہلی پوزیشن حاصل کرلی، روہیل نذیر کی ناقابل شکست نصف سنچری اور بولرز کی عمدہ کارکردگی نے دفاعی چیمپئن کی کامیابی میں اہم کردار ادا کیا۔

ویسٹ اینڈ پارک انٹرنیشنل کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے ٹورنامنٹ کے 11ویں میچ میں پاکستان شاہینز نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 42 اوورز میں 168 رنز بنائے۔ جواب میں نیپال کی پوری ٹیم 17.3 اوورز میں صرف 72 رنز پر آؤٹ ہوگئی۔

پاکستان شاہینز کی بیٹنگ ابتدا میں مشکلات کا شکار رہی اور 16.5 اوورز میں 66 رنز پر چھ کھلاڑی پویلین واپس لوٹ چکے تھے۔ اس موقع پر آٹھویں نمبر پر بیٹنگ کیلئے آنے والے وکٹ کیپر بیٹر روہیل نذیر نے ذمہ دارانہ کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے اننگز کو سنبھالا۔

روہیل نذیر نے 83 گیندوں پر ناقابل شکست 64 رنز بنائے، جس میں چار چوکے اور تین چھکے شامل تھے۔ انہوں نے احمد دانیال کے ساتھ آٹھویں وکٹ کیلئے 70 رنز کی شراکت قائم کی۔ احمد دانیال نے 35 گیندوں پر 16 رنز اسکور کیے۔

حسن نواز نے 59 گیندوں پر 28 رنز بنائے، جبکہ حیدر علی 15، معاذ صداقت 13 اور کپتان عبدالصمد بھی 13 رنز بنانے میں کامیاب رہے۔

نیپال کی جانب سے راشد خان سب سے کامیاب بولر رہے، جنہوں نے 39 رنز دے کر پانچ وکٹیں حاصل کیں۔ ابھیشیش گوتم نے دو جبکہ سندیپ لامیچھانے اور کشل بھرتیل نے ایک، ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔

169 رنز کے ہدف کے تعاقب میں نیپال کی بیٹنگ لائن پاکستانی بولرز کے سامنے زیادہ دیر نہ ٹھہر سکی۔ مایان یادیو نے 50 گیندوں پر 41 رنز بنا کر مزاحمت کی، جس میں چار چوکے اور دو چھکے شامل تھے۔ بصیر احمد 11 رنز کے ساتھ ڈبل فیگر میں پہنچنے والے دوسرے نیپالی بیٹر رہے۔

پاکستان شاہینز کی جانب سے محمد حسنین اور سفیان مقیم نے تین، تین وکٹیں حاصل کیں، جبکہ محمد عمران نے دو اور معاذ صداقت نے ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔

اس کامیابی کے بعد پاکستان شاہینز نے تین میچز میں چھ پوائنٹس حاصل کرکے گروپ بی میں پہلی پوزیشن اپنے نام کرلی۔ دفاعی چیمپئن پہلے ہی سیمی فائنل کیلئے کوالیفائی کرچکے تھے۔

پاکستان شاہینز اب جمعے کو دوسرے سیمی فائنل میں بنگلادیش اے کے مدمقابل ہوں گے، جبکہ پہلے سیمی فائنل میں بھارت اے اور گروپ اے کی سرفہرست ٹیم سری لنکا کے درمیان مقابلہ ہوگا۔

دریں اثنا، اسی ٹورنامنٹ کے ایک اور میچ میں بھارت اے کے اوپنر ویبھو سوریاونشی نے متحدہ عرب امارات کے خلاف شاندار ڈبل سنچری اسکور کرکے کئی ریکارڈز قائم کیے۔ 15 سالہ بائیں ہاتھ کے بیٹر نے 250 رنز کے ہدف کے تعاقب میں 28 گیندوں پر سنچری مکمل کی، جو لسٹ اے کرکٹ کی تیز ترین سنچری ہے۔

اس سے قبل یہ ریکارڈ جنوبی آسٹریلیا کے جیک فریزر میک گرک کے پاس تھا، جنہوں نے اکتوبر 2023 میں تسمانیہ کے خلاف 29 گیندوں پر سنچری بنائی تھی۔ سوریاونشی نے صرف 40 گیندوں پر 150 رنز مکمل کرکے لسٹ اے کرکٹ میں تیز ترین 150 رنز کا اپنا ہی سابقہ ریکارڈ بھی توڑ دیا۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.