تازہ ترین

مریم نواز نے راولپنڈی میں 1.16 ارب روپے کے بیوٹیفکیشن منصوبوں کا افتتاح کردیا

0

راولپنڈی: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے راولپنڈی میں شہری سہولیات اور خوبصورتی میں اضافے کے لیے 1 ارب 16 کروڑ روپے کے دو منصوبوں کا افتتاح کردیا، جبکہ شہر میں الیکٹرک بس سروس کا بھی آغاز کیا گیا۔

وزیراعلیٰ نے کمرشل مارکیٹ اور راجہ بازار میں شہری خوبصورتی کے منصوبوں کا افتتاح کیا، جن کا مقصد شہر کے اہم تجارتی مراکز کی ظاہری حالت اور سہولیات کو بہتر بنانا ہے۔

اس موقع پر پیر مہر علی شاہ ایرڈ ایگریکلچر یونیورسٹی راولپنڈی میں ہونہار اسکالرشپ اور لیپ ٹاپ تقسیم کرنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مریم نواز نے طلبہ کو مبارک باد دی اور ان کے والدین کی محنت اور قربانیوں کو سراہا۔

انہوں نے کہا کہ طلبہ کی کامیابی میں والدین کی محنت اور قربانیوں کا بنیادی کردار ہے۔ ہونہار اسکالرشپ سے تعلیمی اخراجات میں مدد ملے گی، جبکہ لیپ ٹاپ طلبہ کو ڈیجیٹل تعلیم کے حصول میں معاونت فراہم کریں گے۔ نوجوانوں پر سرمایہ کاری دراصل ملک کے مستقبل پر سرمایہ کاری ہے اور ہر بچے کو تعلیم کے مواقع فراہم کرنا حکومت کی بنیادی ذمہ داری ہے۔

مریم نواز نے بتایا کہ وزارتِ اعلیٰ کا منصب سنبھالے انہیں ایک ہزار دن مکمل ہوچکے ہیں۔ ان کے مطابق وقت کی محدودیت کو مدنظر رکھتے ہوئے حکومت نے پہلے دن سے ترقیاتی کاموں کا آغاز کیا اور عوامی تعاون کے بغیر یہ کامیابیاں ممکن نہیں تھیں۔

انہوں نے اعلان کیا کہ اپنی چھت، اپنا گھر پروگرام کے تحت پانچ لاکھ گھر تعمیر کیے جائیں گے۔ اس کے علاوہ پنجاب بھر میں تقریباً 50 ہزار کلومیٹر نئی سڑکیں تعمیر اور بحال کی جاچکی ہیں، جبکہ ساہیوال میں جدید کارڈیالوجی اسپتال بھی قائم کیا گیا ہے۔

وزیراعلیٰ نے پیر مہر علی شاہ ایرڈ ایگریکلچر یونیورسٹی راولپنڈی میں ہاسٹل تعمیر کرنے کا اعلان بھی کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ پنجاب بھر میں مزید پانچ ہزار گرین بسیں شامل کی جائیں گی اور اپنی چھت، اپنا گھر پروگرام کو پانچ لاکھ گھروں تک وسعت دی جائے گی۔

انہوں نے کہا کہ لیپ ٹاپ اور اسکالرشپس خوشحال گھرانوں کے بچوں کیلئے شاید زیادہ اہمیت نہ رکھتے ہوں، لیکن کم آمدنی والے خاندانوں کے طلبہ کیلئے یہ کسی نعمت سے کم نہیں۔ اگر وسائل کی کمی کے باعث کوئی بچہ تعلیم جاری نہیں رکھ سکتا تو یہ حکومت کی ناکامی ہے۔

مریم نواز نے کہا کہ ستھرا پنجاب پروگرام کے تحت دو لاکھ افراد شہروں، دیہات، محلوں، گلیوں اور سڑکوں کی صفائی پر مامور ہیں۔ اب حکومت ہزاروں ٹن کچرے کو توانائی میں تبدیل کرنے کی تیاری کر رہی ہے اور آئندہ ایک ہزار دن کے دوران کچرے سے بجلی پیدا کرنے والے پاور پلانٹس قائم کیے جائیں گے۔

انہوں نے بتایا کہ گرین بسوں میں مفت وائی فائی اور موبائل چارجنگ کی سہولت موجود ہے۔ راولپنڈی میں 80 گرین بسیں شروع کی جا رہی ہیں، جبکہ آنے والے مہینوں میں پنجاب کی 150 تحصیلوں میں تقریباً تین ہزار گرین بسیں چلائی جائیں گی۔ ان بس سروسز کے ساتھ تمام شہروں میں یکساں ڈیزائن کے بس اسٹاپ بھی قائم کیے گئے ہیں۔

وزیراعلیٰ نے صحت کے شعبے میں اقدامات کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ جب انہوں نے عہدہ سنبھالا تو انہیں 15 ہزار ایسے بچوں کی فہرست دی گئی تھی جنہیں دل کے آپریشن کی ضرورت تھی۔ ان کے مطابق ان تمام بچوں کے آپریشن مکمل کیے جاچکے ہیں، جبکہ مزید تین ہزار کامیاب آپریشن بھی کیے گئے ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ فالج کے مریضوں کو حملے کے آٹھ گھنٹوں کے اندر چار لاکھ روپے مالیت کے ٹی این کے انجیکشن مفت فراہم کیے جا رہے ہیں، جبکہ ایمبولینس سروس کے ذریعے مریضوں کو مفت پک اینڈ ڈراپ کی سہولت بھی دی جا رہی ہے۔

مریم نواز کا کہنا تھا کہ صوبائی حکومت گلیوں، محلوں، سیوریج اور نکاسی آب کے نظام پر 500 ارب روپے خرچ کر رہی ہے۔ بارش کے بعد نکاسی آب کے کام دو گھنٹوں میں مکمل کیے جا رہے ہیں، جبکہ ڈیرہ غازی خان میں بھی سیوریج اور نکاسی آب کا نظام قائم کیا گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ خواتین اور بچوں کے خلاف جنسی تشدد میں ملوث ملزمان کو چند گھنٹوں کے اندر گرفتار کیا جا رہا ہے۔ خواتین پر تشدد کے واقعات میں فوری کارروائی کی جاتی ہے اور وہ ماؤں، بہنوں اور بیٹیوں کے تحفظ کیلئے ڈھال بن کر کھڑی ہیں۔

اپنے خطاب میں وزیراعلیٰ پنجاب نے سابق صوبائی حکومت کو بھی تنقید کا نشانہ بنایا اور دعویٰ کیا کہ جب انہوں نے اقتدار سنبھالا تو پنجاب میں معاملات جادو ٹونے اور غیر مرئی قوتوں کے ذریعے چلائے جا رہے تھے۔

مریم نواز نے کہا کہ پاکستان کو عظیم ملک بنانے میں نوجوانوں کا بنیادی کردار ہے۔ انہوں نے طلبہ پر زور دیا کہ وہ اپنے ہاتھوں میں قومی پرچم تھامنے کا تصور کریں اور ملک کی ترقی میں اپنا کردار ادا کریں۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.