اسلام آباد: پاکستانی خلا باز کے تاریخی خلائی سفر پر سپارکو ہیڈکوارٹرز میں خصوصی تقریب منعقد ہوئی، جس میں ادارے کے چیئرمین محمد یوسف خان، سائنس دانوں اور طلبہ کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین سپارکو محمد یوسف خان نے کہا کہ پاکستانی خلا باز کی خلائی پرواز کا دن تاریخی اہمیت رکھتا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ پاکستان نے گزشتہ 30 ماہ کے دوران چھ سیٹلائٹ لانچ کیے، تاہم موجودہ خلائی مشن کے ساتھ جذبات پہلے سے مختلف ہیں۔
انہوں نے مستقبل کے خلائی منصوبوں کے حوالے سے عزم ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کا خلائی سفر ابھی شروع ہوا ہے اور ملک چاند پر بھی لینڈ کرے گا۔
محمد یوسف خان کے مطابق اس پروگرام میں پاکستان بھر کی جامعات کو شامل کیا گیا تھا اور 300 سے زائد سائنسی تجاویز موصول ہوئیں۔ پاکستان اور چین نے مشترکہ طور پر ان میں سے چار تجربات منتخب کیے، جو سائنسی تحقیق کے میدان میں اہم پیش رفت ہیں۔
چیئرمین سپارکو نے بتایا کہ چین میں 19 افراد کے ٹیسٹ کیے گئے، جن میں سے دو کو منتخب کیا گیا، جبکہ اس کے بعد خلا بازوں نے سات ماہ تک تربیت حاصل کی۔
اس موقع پر سپارکو کے جنرل منیجر میثم رضا نے بتایا کہ پاکستان اور چین کے مشترکہ خلائی مشن میں زراعت اور فوڈ سیکیورٹی سے متعلق تجربات شامل ہیں۔ خلائی اسٹیشن کے اندر اور باہر مختلف سائنسی سرگرمیاں انجام دی جائیں گی۔
انہوں نے مزید بتایا کہ ویکیوم اور میٹریل سائنس کے شعبوں میں بھی تجربات کیے جائیں گے، جن کے نتائج پاکستان کے ساتھ شیئر کیے جائیں گے۔ ان کے مطابق ان نتائج سے مختلف شعبوں میں ٹیکنالوجی کے فروغ میں مدد ملے گی۔