تازہ ترین

کردگاپ میں آبادیوں پر گولہ باری اور املاک جلانے کے واقعات تشویشناک ہیں، ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ

0

کوئٹہ: نیشنل پارٹی کے سربراہ ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ نے تحصیل کردگاپ کے مختلف علاقوں میں گولہ باری، عوامی املاک کو نذرِ آتش کرنے اور مقامی آبادی کو خوف و ہراس میں مبتلا کرنے پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ شہریوں کے جان و مال کا تحفظ حکومت کی بنیادی ذمہ داری ہے۔

ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ نے کلی پسند خان کے بازار کو جلائے جانے کی اطلاعات کو افسوسناک اور قابلِ مذمت قرار دیتے ہوئے کہا کہ مختلف علاقوں کو خالی کرانے اور لوگوں کو ان کے آبائی علاقوں سے بے دخل کرنے کا اقدام ناقابلِ قبول ہے۔ نیشنل پارٹی عوام کی جبری بے دخلی کو مسترد کرتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ افسوسناک بات یہ ہے کہ عوام کے احساسات اور مشکلات کو نظرانداز کیا جا رہا ہے۔ موجودہ صورتحال میں دونوں جانب سے جاری کارروائیوں کے باعث عام شہری شدید مشکلات، خوف اور عدم تحفظ کا شکار ہیں۔ کسی بھی اقدام میں شہری آبادیوں کے تحفظ، انسانی جانوں اور بنیادی حقوق کو اولین ترجیح دی جانی چاہیے۔

دریں اثنا تحصیل کردگاپ کے متاثرہ علاقوں کے معتبرین اور معززین پر مشتمل وفد نے ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ سے ملاقات کی اور انہیں علاقے کی صورتحال سے آگاہ کیا۔

وفد میں گرگینہ، کلی پسند خان، کلی مزار خان، کلی ملک زکریا، موسیٰ خان، کلی ضہگی، کلی خراسانی، کلی محمد حسنی نمبر 1 اور 2، کلی ابابکی نمبر 1 اور 2، کلی کفتاری، کہنہ جدید، کلی شربت خان نمبر 1 اور 2، کلی میر احمد رودینی اور کلی رودینی کے نمائندے شامل تھے۔

وفد نے بتایا کہ آبادیوں اور گھروں پر مارٹر گولوں کی فائرنگ اور گولہ باری نے مقامی لوگوں کی زندگی اجیرن بنا دی ہے۔ ان کے مطابق سیکیورٹی فورسز کی جانب سے جاری گولہ باری کے نتیجے میں اب تک ایک درجن کے قریب افراد جاں بحق جبکہ سینکڑوں زخمی ہوچکے ہیں۔

وفد کا کہنا تھا کہ کلی پسند خان کے بازار کو نذرِ آتش کیے جانے کے باعث کروڑوں روپے مالیت کی املاک، دکانیں، مال مویشی، درجنوں مکانات اور زیورات جل کر خاکستر ہوگئے۔ اسی طرح کلی کفتاری اور کلی خراسانی کی تمام دکانیں بھی جلائے جانے، جبکہ زرعی اسکیموں کے سولر سسٹم تباہ ہونے کی اطلاعات ہیں۔

متاثرہ نمائندوں کے مطابق مقامی آبادی کو 24 گھنٹوں کے اندر علاقے سے نکلنے کے احکامات دیے جا رہے ہیں، جس کے باعث ہزاروں خاندان خوف و ہراس اور غیر یقینی صورتحال سے دوچار ہیں۔

وفد نے بتایا کہ ان واقعات سے چار یونین کونسلوں پر مشتمل علاقے کے تقریباً 70 ہزار افراد متاثر ہوئے ہیں۔ انہوں نے ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ سے اپیل کی کہ وہ متاثرہ عوام کے تحفظ اور نقصانات کے ازالے کیلئے اپنا کردار ادا کریں۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.