اسلام آباد: پاکستان کے پہلے خلا باز محمد ذیشان علی نے خلا میں روانگی سے قبل کہا ہے کہ وہ اپنے ساتھ پوری پاکستانی قوم کے خواب اور امیدیں لے کر جا رہے ہیں۔ ان کے مطابق یہ مشن پاکستان اور چین کے درمیان دوستی، ہم آہنگی اور مضبوط تعلقات کی عکاسی کرتا ہے۔
شینژو 24 مشن کے ساتھ روانگی سے قبل پریس بریفنگ میں ذیشان علی نے بتایا کہ مشن کی تیاری کیلئے انہیں فائٹر پائلٹ کی حیثیت سے سخت جسمانی اور تکنیکی تربیت سے گزرنا پڑا۔
انہوں نے کہا کہ وہ خلا میں پاکستانی عوام کے خواب لے کر جا رہے ہیں، جبکہ ان کے چینی ساتھی خلا باز نے بھی اس موقع پر کہا کہ پاکستان اور چین کا خلائی تحقیق کے میدان میں مشترکہ خواب ہے۔
چینی حکام کے مطابق ذیشان علی کیلئے خلائی اسٹیشن پر حلال کھانے کا انتظام بھی کیا گیا ہے۔
دوسری جانب شینژو 24 خلائی جہاز کامیابی کے ساتھ چین کے تیانگونگ خلائی اسٹیشن سے منسلک ہوگیا، جس کے بعد محمد ذیشان علی خلا میں پہنچنے والے پہلے پاکستانی بن گئے۔ خلائی جہاز نے تقریباً ساڑھے تین گھنٹے کے سفر کے بعد اسٹیشن کے ساتھ کامیاب رابطہ قائم کیا۔
مشن نے مقامی وقت کے مطابق صبح 5 بج کر 18 منٹ پر جیوچوان خلائی مرکز سے پرواز کی تھی۔ ذیشان علی اس مشن میں پے لوڈ اسپیشلسٹ کی حیثیت سے خدمات انجام دے رہے ہیں اور تقریباً ایک ہفتہ خلائی اسٹیشن پر قیام کے دوران سائنسی تجربات میں حصہ لیں گے۔
مشن میں ان کے ساتھ دو چینی خلا باز تانگ ہونگ بو اور وو یی بھی شامل ہیں۔ اس خلائی سفر کو پاکستان اور چین کے درمیان خلائی تحقیق کے شعبے میں تعاون کی اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔