لیبیا کے مشرقی ساحل کے قریب پیش آنے والے کشتی حادثے میں باجوڑ سے تعلق رکھنے والے 22 نوجوانوں کی ہلاکت کی اطلاعات سامنے آئی ہیں، تاہم حکام کی جانب سے تاحال ان اموات کی سرکاری تصدیق نہیں کی گئی اور نہ ہی جاں بحق افراد کی حتمی شناخت سامنے آ سکی ہے۔
موصولہ اطلاعات کے مطابق حادثے کا شکار ہونے والی کشتی میں تقریباً 120 افراد سوار تھے۔ واقعے کے بعد متعدد افراد کے لاپتہ ہونے کی اطلاعات بھی سامنے آئی ہیں، جبکہ متاثرین کی تلاش اور ریکوری کے لیے کارروائیاں جاری ہیں۔
وزیر مملکت برائے قبائلی امور مبارک زیب نے بتایا کہ پاکستانی سفارتخانے اور وزارت اوورسیز کے حکام سے مسلسل رابطے میں ہیں۔ لاپتہ نوجوانوں کی تلاش اور جاں بحق افراد کی میتوں کی ریکوری کے لیے آپریشن جاری ہے۔
انہوں نے کہا کہ ریسکیو آپریشن میں متعلقہ حکام، نیوی، نیٹو اور امدادی اداروں کا تعاون حاصل ہے۔ میتوں کی جلد وطن واپسی اور متاثرہ خاندانوں کی معاونت کے لیے اقدامات کیے جائیں گے۔ لاپتہ افراد کی تلاش اور متاثرہ نوجوانوں کی مدد کے حوالے سے کل ایک خصوصی اجلاس بھی منعقد ہوگا۔
مبارک زیب خان نے کہا کہ کشتی حادثے میں محفوظ رہنے والے باجوڑ کے نوجوانوں سے رابطہ کیا گیا ہے۔ باجوڑ کا ہر نوجوان ہمارے لیے قیمتی ہے اور اس کی حفاظت اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے جاں بحق افراد کے لیے مغفرت اور متاثرہ خاندانوں کے لیے صبر کی دعا بھی کی۔
ڈپٹی کمشنر باجوڑ نے بھی حادثے میں نوجوانوں کی ہلاکت کی اطلاعات پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ضلعی انتظامیہ غمزدہ خاندانوں کے دکھ میں برابر کی شریک ہے۔ کشتی حادثے کی شفاف اور مکمل تحقیقات کی جائیں گی۔
انہوں نے مزید کہا کہ انسانی اسمگلنگ میں ملوث عناصر کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی اور متاثرہ خاندانوں کو انصاف کی فراہمی یقینی بنائی جائے گی۔