راولپنڈی: پاکستان کے پہلے انسانی خلائی مشن کی کامیابی پر عسکری قیادت نے قوم، سپارکو اور سائنسی برادری کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے اسے ملک کی سائنسی اور تکنیکی ترقی میں اہم سنگ میل قرار دیا ہے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق چیف آف آرمی اسٹاف و چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر، نیول چیف ایڈمرل نوید اشرف، ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو اور کمانڈر نیشنل اسٹریٹجک کمانڈ جنرل سید عامر رضا نے مسلح افواج کی جانب سے اس تاریخی کامیابی پر مبارکباد دی۔
عسکری قیادت نے اپنے بیان میں کہا کہ ونگ کمانڈر محمد ذیشان علی کا خلائی سفر پاکستان کی سائنسی اور تکنیکی ترقی میں ایک اہم سنگ میل ہے۔ وہ پاکستان کے پہلے خلا باز اور چین کے خلائی اسٹیشن تیانگونگ پر پہنچنے والے پہلے غیر ملکی خلا باز ہیں۔
بیان میں سپارکو کے سائنس دانوں، انجینئرز اور تکنیکی ماہرین کی محنت، پیشہ ورانہ صلاحیتوں اور لگن کو بھی سراہا گیا۔ عسکری قیادت کے مطابق ان کی مسلسل کوششوں کے نتیجے میں یہ تاریخی قومی کامیابی ممکن ہوئی۔
مسلح افواج نے اس اہم کامیابی میں تعاون پر چین کی قیادت، حکومت اور عوام کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور چین کی ہمالیہ سے بلند، سمندروں سے گہری اور شہد سے میٹھی دوستی اب زمین کی سرحدوں سے آگے خلا تک پہنچ گئی ہے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق انسانی خلائی مشن میں پاکستان کی شمولیت ملک کی افرادی قوت، سائنسی صلاحیتوں اور تکنیکی استعداد کا مظہر ہے۔ یہ کامیابی نئی نسل کو سائنس، ٹیکنالوجی اور جدت کے شعبوں میں آگے بڑھنے کی ترغیب دے گی۔
عسکری قیادت نے قوم کے ساتھ اس تاریخی کامیابی کا جشن مناتے ہوئے ونگ کمانڈر محمد ذیشان علی کے مشن کی کامیابی اور بحفاظت زمین پر واپسی کیلئے نیک تمناؤں کا اظہار بھی کیا۔