پاکستان کا خلائی پروگرام گزشتہ 64 برسوں کے دوران ابتدائی تحقیقی راکٹوں سے مصنوعی سیاروں اور انسانی خلائی پرواز تک پہنچ چکا ہے۔ 1962 میں امریکی خلائی ادارے ناسا کے تعاون سے پہلا تحقیقی راکٹ روانہ کرنے والے پاکستان کا پہلا خلاباز محمد ذیشان علی 25 نومبر 2026 کو چین کے شینزو 24 مشن کے ذریعے زمین کے مدار میں پہنچ گیا ہے۔ تاہم اس طویل سفر کے باوجود پاکستان اب تک اپنا آزاد مداری راکٹ لانچ سسٹم قائم نہیں کر سکا۔
پاکستان کے خلائی پروگرام کا آغاز 1961 میں خلائی اور بالائی فضائی تحقیق کے لیے سپارکو کے قیام سے ہوا۔ اس وقت امریکا اور سوویت یونین خلائی تحقیق میں ایک دوسرے سے آگے نکلنے کی کوشش کر رہے تھے اور پاکستان نے بھی جدید سائنسی تحقیق کے میدان میں قدم بڑھایا۔
ناسا کی کانگریس کو پیش کی گئی چھٹی ششماہی رپورٹ کے مطابق پاکستان اور ناسا نے 1962 میں بالائی فضا میں تحقیقی راکٹ بھیجنے کے مشترکہ پروگرام پر اتفاق کیا تھا۔ اس معاہدے کے تحت پاکستانی سائنسدانوں کو ناسا کے گوڈارڈ اسپیس فلائٹ سینٹر اور والپس اسٹیشن میں تربیت دی گئی، جبکہ ناسا نے تحقیقی راکٹ، لانچنگ آلات اور تکنیکی معاونت فراہم کی۔ پاکستان نے تجرباتی سامان، زمینی آلات، راکٹ لانچ کرنے اور سائنسی معلومات کے تجزیے کی ذمہ داریاں سنبھالیں۔
7 جون 1962 کو بلوچستان کے ساحلی علاقے سونمیانی سے پاکستان کا پہلا دو مرحلوں پر مشتمل تحقیقی راکٹ رہبر ون کامیابی سے روانہ کیا گیا۔ اس راکٹ کے ذریعے زمین کے بالائی ماحول میں ہوا کے بہاؤ اور دیگر سائنسی عوامل کا مطالعہ کیا گیا۔ تاہم رہبر ون ایک ساؤنڈنگ راکٹ تھا، جسے سائنسی پیمائش کے لیے مخصوص بلندی تک بھیجا گیا تھا، یہ مصنوعی سیارہ زمین کے مدار میں پہنچانے والا راکٹ نہیں تھا۔
1964 میں سپارکو کو پاکستان اٹامک انرجی کمیشن سے الگ کرکے آزاد انتظامی حیثیت دی گئی۔ اس عرصے میں پاکستان نے امریکی اور برطانوی اداروں کے تعاون سے متعدد راکٹ تجربات کیے۔ اقوام متحدہ کی تاریخی دستاویزات کے مطابق نومبر 1964 سے فروری 1966 کے دوران سونمیانی سے فضائی تحقیق کے لیے کئی راکٹ چھوڑے گئے، جن کے ذریعے بلندی پر ہوا کی رفتار، درجہ حرارت اور فضائی ساخت کا مطالعہ کیا گیا۔
1965 سے 1967 کے دوران بھی ناسا، برطانوی اداروں اور سپارکو کے مشترکہ تجربات جاری رہے۔ امریکی میرین کور یونیورسٹی کے ایک تحقیقی مقالے کے مطابق 1972 تک پاکستان تقریباً 45 تحقیقی راکٹ لانچ کر چکا تھا۔ ان تجربات کے ذریعے ملک نے خلائی سائنس کے شعبے میں عملی تجربہ اور تربیت یافتہ انسانی وسائل حاصل کیے۔
ابتدائی کامیابیوں کے باوجود اگلی کئی دہائیوں میں خلائی پروگرام کی رفتار مسلسل برقرار نہ رہ سکی۔ سائنسی جریدے اسپیس پالیسی میں 2018 میں شائع ہونے والے ایک تحقیقی مقالے میں 1972 سے 2011 کے عرصے کو پاکستانی خلائی پروگرام کے لیے محدود کامیابیوں کا دور قرار دیا گیا، خصوصاً 1972 سے 1990 کے درمیان۔
اس دوران سپارکو نے ریموٹ سینسنگ، سیٹلائٹ ٹیکنالوجی اور دیگر تحقیقی شعبوں میں کام جاری رکھا، تاہم ابتدائی راکٹ تجربات کو ایسے مستقل پروگرام میں تبدیل نہیں کیا جا سکا جو پاکستان کو اپنے مصنوعی سیارے خود مدار میں پہنچانے کی صلاحیت دے سکتا۔
16 جولائی 1990 کو پاکستان نے اپنا پہلا تجرباتی سیٹلائٹ بدر ون خلا میں بھیجا۔ سپارکو کے مطابق یہ سیٹلائٹ پاکستان میں تیار کیا گیا تھا، تاہم اسے چین کے لانگ مارچ راکٹ کے ذریعے زمین کے مدار میں پہنچایا گیا۔ اس کے بعد 2001 میں بدر بی سیٹلائٹ بھی لانچ کیا گیا۔ یہ اہم تکنیکی پیشرفت تھی، لیکن اس سے یہ حقیقت بھی واضح ہوئی کہ پاکستان اپنے تیار کردہ سیٹلائٹس کو خلا میں پہنچانے کے لیے غیر ملکی لانچنگ سہولتوں پر انحصار کر رہا تھا۔
گزشتہ 15 برسوں کے دوران پاکستان نے سیٹلائٹ مواصلات، زمین کی نگرانی اور قمری تحقیق کے شعبوں میں کئی اہم اقدامات کیے۔ 2011 میں پاکستان کا مواصلاتی سیٹلائٹ چین کے تعاون سے خلا میں بھیجا گیا، جس کا مقصد ٹیلی کمیونیکیشن اور نشریاتی ضروریات پوری کرنا تھا۔
2018 میں پاکستان نے PRSS-1 اور PakTES-1A لانچ کیے، جن کا تعلق زمین کے مشاہدے، وسائل کی نگرانی اور ٹیکنالوجی کے تجربات سے تھا۔ 2024 میں پاکستان کے انسٹیٹیوٹ آف اسپیس ٹیکنالوجی اور چینی ادارے کے اشتراک سے تیار کردہ آئی کیوب قمر کو چین کے چانگ ای 6 مشن کے ذریعے چاند کے مدار میں پہنچایا گیا۔ اسی سال چین کے تعاون سے جدید مواصلاتی سیٹلائٹ بھی لانچ کیا گیا۔
17 جنوری 2025 کو سپارکو کا تیار کردہ سیٹلائٹ EO-1 چین سے لانچ کیا گیا، جس کا مقصد زمین کے مشاہدے، زراعت، قدرتی وسائل اور آفات کی نگرانی کی صلاحیت میں اضافہ کرنا ہے۔
اب 25 نومبر 2026 کو پاکستان کے پہلے خلاباز محمد ذیشان علی نے چین کے شینزو 24 مشن کے ذریعے خلائی سفر شروع کیا ہے۔ ذیشان علی اس مشن میں پے لوڈ اسپیشلسٹ کی حیثیت سے سائنسی تجربات میں حصہ لیں گے اور وہ چینی خلائی اسٹیشن پر جانے والے پہلے غیر ملکی خلاباز ہیں۔ یہ پیشرفت فروری 2025 میں سپارکو اور چائنا مینڈ اسپیس ایجنسی کے درمیان طے پانے والے تعاون کے معاہدے کا نتیجہ ہے۔
پاکستان کے خلائی پروگرام کی 64 سالہ تاریخ میں اہم کامیابیاں بھی شامل ہیں اور طویل تعطل بھی۔ 1962 میں ناسا کے تعاون سے راکٹ تجربات سے شروع ہونے والا سفر 1990 میں پاکستانی ساختہ سیٹلائٹ کی لانچنگ، 2024 میں چاند کے مدار تک پاکستانی اشتراک سے تیار کردہ سیٹلائٹ کی رسائی اور 2026 میں پاکستانی خلاباز کے خلائی اسٹیشن پہنچنے تک آ گیا ہے۔
یہ پیشرفت خلائی تحقیق، سیٹلائٹ ٹیکنالوجی اور انسانی خلائی پرواز میں پاکستان کی بڑھتی ہوئی شرکت کو ظاہر کرتی ہے۔ تاہم ایک اہم سوال اب بھی موجود ہے کہ پاکستان نے مصنوعی سیاروں کی تیاری اور ان کے استعمال میں صلاحیت حاصل کرنے کے باوجود اپنے سیٹلائٹس یا خلابازوں کو مدار میں پہنچانے کے لیے آزاد لانچ سسٹم کیوں قائم نہیں کیا۔ ملک کی حالیہ بڑی خلائی کامیابیوں میں چین کا تعاون مرکزی اہمیت رکھتا ہے۔